متحدہ عرب امارات نے سیلاب متاثرین کیلئے خیمہ بستی قائم کردی

سیلاب متاثرین کو ضلع میرپورخاص کے شہر جھڈو میں قائم خیمہ بستی میں منتقل کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 ستمبر 2022 17:17

متحدہ عرب امارات نے سیلاب متاثرین کیلئے خیمہ بستی قائم کردی
میرپورخاص ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 ستمبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات نے سیلاب متاثرین کیلئے خیمہ بستی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی طرف سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد اور ان کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے تحت یو اے ای ہلال احمر نے صوبہ سندھ میں ضلع میرپورخاص کے شہر جھڈو میں سیلاب متاثرین کے کے لیے خیمہ بستی قائم کی گئی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ سیلاب متاثرین کو مذکورہ خیمہ بستی میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اماراتی ہلال احمر کے امدادی کارکنان سیلاب متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر سامان فراہم کررہے ہیں۔ اس ضمن میں اماراتی ہلال احمر کے ڈائریکٹر حمد بخیت الرومیتی نے کہا کہ جلد باقی علاقوں کے سیلاب متاثرین کے لیے بھی ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں گے، مشکل کی اس گھڑی میں امارات کی حکومت اور اماراتی ہلال احمر پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے امدادی مہم میں تیزی آگئی، رضا کارانہ مہم میں مقامی شہریوں کے علاوہ غیرملکی بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، امارات کی ہلال احمر، فلاحی انجمن دبئی العطا اور شارجہ فلاحی انجمن کی قیادت میں ’ہم آپ کے ساتھ ہیں‘ کے عنوان سے رضاکارانہ مہم جاری ہے، جس میں ہرعمر اور ہر قومیت کے لوگ متعین کردہ 3 مقامات ابوظبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر، ایکسپو دبئی اور ایکسپو شارجہ سینٹر میں امدادی سامان جمع کر رہے ہیں، جہاں رضا کاروں نے 1200 ٹن کھانے پینے کی اشیاء، 30 ہزار فوڈ پیکٹ، ادویات اور دیگر سامان جمع کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تینوں تنظیمیں اماراتی وزارت سماجی بہبود اور وزارت خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں، امارات کے کئی چیرٹی ادارے رضاکارانہ مہم کی سرپرستی کررہے ہیں جن میں خلیفہ بن زاید آل نہیان فاؤنڈیشن، محمد بن راشد آل مکتوم فاؤنڈیشن، القلب الکبیر فاؤنڈیشن، دار البر، انسانی خدمات کی انٹرنیشنل سٹی، سقیا الامارات فاؤنڈیشن، بیت الشارقہ فلاحی ادارہ، انٹرنیشنل فلاحی ادارہ، الامارات فلاحی انجمن، الوطنیہ رضاکارانہ پلیٹ فارم شامل ہیں۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں