جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت ر عیدملن پارٹی

ہفتہ 13 اپریل 2024 15:00

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت روایتی عیدملن بعنوان ایک شام اہل "غزہ"کے نام ، سادہ مگر پروقار تقریب سے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام اسرائیل کی بدترین ننگی جارحیت اور عتاب کا شکار ہیں ۔33 ہزار سے زائد فلسطینی شہدا مسجد اقصی کی آزادی کی بنیاد بنیں گے۔

آزادی فلسطین و اقصیٰکے لئے جذبہ جہاد اور شوق شہادت نے اسرائیل کی تمام قوت اور ٹیکنالوجی کو شکست دی ہے ۔ملبے کے ڈھیر میں تبدیل عمارتوں پر بیٹھ کر ایک دوسرے کو قران مجید سنانے والے معصوم فلسطینی بچے استقامت اور جرات کے پہاڑ ثابت ہوئے ہیں ۔ معصوم بچوں کے جذبات اور شوق شہادت کی تمنا اسرائیل کو ملیا میٹ کر دے گی ۔

(جاری ہے)

امت مسلمہ فلسطین و اقصیٰ کی اسرائیلی درندوں سے آزادی کیلئے مضبوطی سے کھڑی ہے ۔

دنیا بھر کے مسلمان عوام کی ہر طرح کی مدد و عملی شرکت فلسطین و اقصیٰ کی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔ محمد حسین محنتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک بندہ مؤ من کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے ۔اس ماہ مبارک کی برکت سے بندہ مومن نماز ، روزہ ، ذکر ، قرآن کی تلاوت اور صدقہ وخیرات زکوٰۃ کے ذریعے اس کی خوشنودی ، قربت اور جنت کا مستحق بن جاتا ہے ۔

رمضان المبارک بندہ مومن کو بقیہ گیارہ ماہ و ساری زندگی کیلئے اس کی اطاعت اور اس کے عطا کردہ قرآن وسنت کے آفاقی نظام کے عملی نفاذ کی جدوجہد کیلئے ابھارتا ہے۔تقریب سے ٹاؤن چیئرمین کراچی ماڈل ٹاؤن ظفر احمد خان ،حاجی نور الہی اور محمد اکرم شیخ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر حاجی نور الہی مغل و دیگر ذمہ داران نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت عید الفطر کے موقع پر عید بازاروں ، عیدگاہ اور دیگر نماز عید کے مقامات پر فلسطین کے مسلمانوں کیلئے اکٹھا کئے گئے تقریباً 26لاکھ روپے کا چیک امیر جماعت اسلامی سندھ کو چیک کی صورت میں پیش کیا۔

اس سے قبل بھی اہلیان میرپورخاص کی جانب سے اہل فلسطین و غزہ کی امداد کیلئے تقریباً 55 لاکھ روپے کے عطیات جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے روانہ کئے جا چکے ہیں ۔تقریب میں جماعت اسلامی کے کارکنان و ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔بعد ازاں محمد حسین محنتی نے گزشتہ شب اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ میزائل حملے میں اسماعیل ہانیہ کے تین جواں سال بیٹوں اور پوتوں وتمام شہدائے فلسطین و اقصیٰ کی شہادتوں پر غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں