پاکستانی نژاد برطانوی خاتون آزاد کشمیر سے مبینہ طور پر اغواء

خاتون اپنے بھانجے کے ہمراہ 3 افراد کو کاروبار کے لیے دیے ہوئے 24 کروڑ روپے واپس لینے گئی تھی‘ خاتون کی خون آلود گاڑی ویرانے سے مل گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 فروری 2022 16:11

پاکستانی نژاد برطانوی خاتون آزاد کشمیر سے مبینہ طور پر اغواء
میرپور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 فروری 2022ء ) برطانیہ سے آنے والی پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کو آزاد کشمیر سے مبینہ طور پر اغواء کرلیا گیا ، خاتون کی خون آلود گاڑی ویرانے سے مل گئی ۔ جیو نیوز کے مطابق 58 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی خاتون زاہدہ پروین اپنے بھانجے کے ہمراہ اپنی رقم واپس لینے آزاد کشمیر کے علاقے ڈھڈیال گئی تھیں ، جہاں سے دونوں 15 فروری سے لاپتہ ہیں اور اب خاتون کی گاڑی میرپور کی حدود میں تھانہ اسلام گڑھ میں ویران جگہ سے ملی ہے، جس میں خون بھی پایا گیا ۔

خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ نے بتایا ہے کہ ان کی بیوی نے کاروبار کے لیے 3 افراد کو 24 کروڑ روپے دیے تھے ، جن لوگوں کو رقم دی گئی ان میں عنصر بلا ، عرفان اور رزاق شامل ہیں ، بیوی اور ان کے بھانجے کے اغواء میں ان تینوں ملزمان کو نامزد کیا ہے مگر اثر و رسوخ کی وجہ سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی کے علاقہ سی وی ویو پر جعلی پولیس کے جعلی ناکے میں لندن سے شادی کی دعوت میں آنے والے غیر ملکی شہری کو لوٹ لیا گیا ، پاکستانی تاجر کے مہمان کو اسپیشل چیکنگ کے بہانے لوٹا گیا، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں تاجر ارشد مرزا نے واقعے کا مقدمہ درج کروا دیا ، مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ میرا داماد اور اس کا لندن کا دوست میری بھتیجی کی شادی میں آئے تھے، کلفٹن پر منی چینجر سے 1 ہزار پاونڈ تبدیل کروانے گئے تو سی ویو پر سفید کار میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے روکا گیا، ڈرائیور کو کہا گیا کہ آپ کی اسپیشل چیکنگ ہوگی، گاڑی میں موجود دونوں افراد نے پولیس کیپ پہن رکھی تھی، تلاشی کے بہانے ایکسچینج سے تبدیل کرائی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بھی مذکورہ گینگ کراچی کے شہریوں کو لوٹ چکا ہے ، روشنیوں کے شہر کراچی میں ڈاکو راج کے سامنے سندھ پولیس بے بس نظر آرہی ہے اور وارداتیں ہیں کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر قائد میں عملی طور پر چوروں، لٹیروں اور ڈاکوؤں کی حکومت ہے جب کہ پولیس کی حکمت عملہ صرف کاغذوں یا بیانات تک محدود رہ گئی ہے۔ گذشتہ روز بھی کراچی میں لانڈھی، نیوکراچی، گلشن حدید، سولجر بازار میں ڈکیتیوں کی کئی وارداتیں ہوئیں جس میں کوئی بائیک سے محروم ہوا تو کسی کی دکان لٹ گئی۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں