وزیراعظم نے کمیٹی قائم کر دی،براڈشیٹ معاملے پر جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا، شاہ محمو دقریشی

برطانوی پارلیمنٹ ہماری بات کی تائید کر رہے ہیں، یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھ رہی ہے، وزیر خارجہ

ہفتہ 16 جنوری 2021 23:57

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ معاملے پر وزیر اعظم نے کمیٹی قائم کردی ہے اور جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا،جس نے ملک کے خزانے کو نقصان پہنچایا ہے انہیں حساب دینا چاہیے،مہنگائی کی کئی وجوہات ہیں، کچھ لوگ ناجائز منافع کماتے ہیں، برطانوی پارلیمنٹ ہماری بات کی تائید کر رہے ہیں، یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھ رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارت کہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول کی طرف لوٹ آئے ہیں ،پاکستان کہتا ہے کہ وہاں آج بھی جبر جاری ہے۔انہوںنے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ ہماری بات کی تائید کر رہے ہیں، یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا کی آنے والی نئی انتظامیہ نے ہمیشہ انسانی حقوق کی بات کی ہے اور ہمیں توقع ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر وہ بھارت کو تنبیہ کریں گے اور وہاں کی عوام کے لیے آسانی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ براڈ شیٹ کے معاملے پر وزیر اعظم نے ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو سارے معاملات کی تفتیش کر رہی ہے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ جس نے ملک کے خزانے کو نقصان پہنچایا ہے انہیں حساب دینا چاہیے۔پی آئی اے کے طیارے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میری معلومات کے مطابق وہ طیارہ لیز پر تھا اور اس کے مالک اور پی آئی اے کے درمیان تنازع عدالت میں زیر سماعت تھا۔

انہوںنے کہاکہ طیارے کے مالک نے برطانیہ میں ایک مقدمہ کیا ہوا تھا جس کا سہارا لے کر اس نے ملائیشیا سے درخواست کی اور جب طیارہ وہاں اترا تو وہاں کی عدالت کے مطابق اسے وہیں روک لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ کے علم میں جب یہ بات آئی تو ہم نے فوری طور پر وہاں موجود مسافروں کی رہائش، کھانے پینے اور انہیں پاکستان منتقل کرنے کا بندوبست کیا اور انہیں اماراتی طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچایا۔

مہنگائی کے حوالے سے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مہنگائی کی کئی وجوہات ہیں، چینی اور آٹے کی قیمت جب بڑھی تو ہم نے باہر سے منگوا کر اسے بیلنس کیا تاہم چند عناصر ناجائز منافع کے لیے ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ہر طرح سے کوشش کر رہی ہے اور کارروائی بھی کی گئی ہے تاہم چند عناصر اس سے باز نہیں آتے اور ان کے خلاف یہ جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی۔

شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج ضرور کریں لیکن جمہوری انداز میں کریں، ہم نے جو چندہ جمع کیا وہ قانون کے دائرے میں رہ کر کیا۔انہوں نے کہاکہ 18 جنوری کو پیپلز پارٹی، ن لیگ حساب دیتی ہے تو 19 کو احتجاج سمجھ آتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن اگر مذاکرات کی میز پر آئے گی تب ہی مذاکرات ہوں گے، اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات کا کوئی عندیہ نہیں ملا۔

انہوںنے کہاکہ سانحہ مچھ درد ناک واقعہ ہوا، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے قوتیں کام کر رہی ہیں، چند لوگ مچھ واقعہ کو سیاست کے لئے استعمال کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی پر سائوتھ افریقہ کی کرکٹ ٹیم کا آنا خوش آئند ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ ہم مندر سمیت اقلیتوں کی عبادات گاہوں کو تعمیر کریں گے، بھارت میں بھی شہید کی گئی مساجد کو دوبارہ تعمیر ہونا چاہیے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں