جدید طرز کے کورسز کروا کر پولیس افسران و اہلکاروں کی پروفشنلزم میں تیزی سے اضافہ کیا جا رہا ہے،سی پی اوملتان

اتوار 28 اپریل 2024 14:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) سٹی پولیس آفیسر صادق علی نے کہا ہے کہ جدید کورسز کی تعلیم سے پولیس افسران و اہلکاروں کی پروفشنلزم میں تیزی سے اضافہ کیا جا رہا ہے،آج کے ڈیجیٹل دور میں ڈیجیٹل شواہد کو مہارت سے سنبھالنے کی صلاحیت جرائم کو حل کرنے، انصاف کو یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال اہم ہے۔

ترجمان ملتان پولیس کے مطابق سی پی او کی ہدایت پر اتوار کے روز یہاں پولیس لائنز جدید طریقہ تفتیش کے حوالے سے خصوصی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ضلع ملتان کے مختلف تھانہ جات کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔تربیتی سیشن کے دوران شرکاء کو ڈیجیٹل فرانزک کا کردار ،تحقیقات میں ڈیجیٹل ثبوت کی اہمیت، ڈیجیٹل ثبوت جمع کرنے اور استعمال کرنے کا قانونی فریم ورک، ڈیجیٹل شواہد کے ذرائع کی نشاندہی، بشمول کمپیوٹر، موبائل آلات وغیرہ، ڈیجیٹل شواہد کی ممکنہ اقسام، جیسے ای میلز، ٹیکسٹ میسجز، دستاویزات، تصاویر وغیرہ،ڈیجیٹل ثبوت حاصل کرنے کی تکنیکیں بغیر کسی تبدیلی کے، ڈیٹا امیجنگ اور کاپی کرنے کے لیے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر ٹولز کا استعمال،تحویل کے سلسلے کے تصور اور قانونی کارروائی میں اس کی اہمیت کو سمجھنا اور اس کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ڈیجیٹل شواہد کی ہینڈلنگ ومنتقلی کی دستاویز سے متعلق بتایا گیا۔

(جاری ہے)

تربیتی سیشن کے دوران ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملتان نے بتایا کہ تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے تفتیشی افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے استعمال سے جدید طریقہ تفتیش اختیار کرتے ہوئے زیر تفتیش مقدمات کو بروقت میرٹ پر یکسو کریں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں