مریدکے، شہر میں ڈاکوؤں ،موٹر سائیکل اور کار چوروں نے بلا خوف وارداتیں کرکے شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال کر دیا

جمعہ 4 جون 2021 23:59

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2021ء) شہر میں ڈاکوؤں ،موٹر سائیکل اور کار چوروں نے بلا خوف وارداتیں کرکے شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال کر دیا۔پولیس جدید ذرائع استعمال کرنے کے باوجود منظم گروہوں کا کھوج لگانے میں ناکام ہو گئی۔ روزانہ کی بنیاد پر وارداتیں کرنے والوں نے شہر کے سب سے سینئر صحافی کو بھی موٹر سائیکل سے محروم کر دیا۔

بتا یا گیا ہے کہ سرکل مریدکے کے علاقوں میں دن دیہاڑے ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل اور کار چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں مقامی تاجر فیصل بٹ سی7لاکھ جبکہ مقامی فیکٹری کے اعظم نامی منشی سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی چھینے جانے کے علاوہ شہر کے معروف اور سینئر ترین صحافی سید سجاد الحسن شیرازی کی ہنڈا100موٹر سائیکل کی چوری بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

موٹر سائیکل چوروں کی طر ف سے تھانہ سٹی کے اردگرد واقع میونسپل کارپوریشن آفس، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول، ظفر آرکیڈ سنٹر، مین بازار ، ،مجاہد ریسٹورنٹ کے علاقوں میں وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کار چوری کی متعدد وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ایک شہری عمران کے مطابق ان کے گھر آنے مہمانوں کی کار چوری کر لی گئی مگر پولیس نے کئی روز تک چکر کاٹنے کے با وجود مقدمہ درج نہ کیا۔

کار چوروں نے بے خوف ہو کر موبائل فون کے ذریعے تاوان کی رقم طلب کی اور رقم وصول کرکے کار واپس کر دی گئی۔پے درپے وارداتوں نے شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال کر دیا ہے۔شہریوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکل مریدکے سے ڈاکوؤں اور گاڑی چوروں کے خاتمہ کے لیے سی آئی اے پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے تا کہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ حاصل ہو سکی

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں