مریدکی:اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ابراہیم ارباب نے سفید پوش طبقہ کی پکار کا نوٹس لے لیا

غیر قانونی رہائشی اسکیموں کے خلاف آپریشن کا آغاز،نام بدل بدل کر لوگوں سے فرضی زمینوں کے عوض رقم بٹورنے والی ایک رہائشی اسکیم کے دفاتر سیل کردیئے گئے

بدھ 19 جنوری 2022 23:54

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2022ء) اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مریدکے ابراہیم ارباب نے سفید پوش طبقہ کی پکار کا نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی رہائشی اسکیموں کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔نام بدل بدل کر لوگوں سے فرضی زمینوں کے عوض رقم بٹورنے والی ایک رہائشی اسکیم کے دفاتر سیل کردیئے گئے جبکہ دیگر اسکیموں کے معاملات کا خفیہ طور پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مریدکے ارباب ابراہیم نے میونسپل آفیسر چودھری سردار علی اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر تیسرے نام کے ساتھ قائم ہونے والی" گارڈن سٹی "رہائشی سکیم کے دفاتر سیل کرکے ریکارڈ قبضہ میں لے لیا۔ایڈمنسٹریٹر ابراہیم ارباب کے مطابق اسکیم مالکان نے اپنا نیا پلان کارپوریشن سے منظور نہیں کروایا اور مزید فائلوں کی فروخت کا آغاز کررکھا ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی طور پر دفاتر کو سیل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں قائم دیگر رہائشی اسکیموں کی طرف سے بھی نام بدل بدل کر عوام سے رقوم بٹورنے کی شکایت موصول ہوئی ہیں جس کی تصدیق کے بعد ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا عوام کے سرمائے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور پراپرٹی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ کو موصول ہونے والی عوامی شکایات کے مطابق شہر کی بیشتر رہائشی اسکیموں کے مالکان ڈویلپمنٹ چارجز کے نام پر لوگوں سے کروڑوںروپے بٹور رہے ہیں اور عدم ادائیگی پر ان کی الاٹمنٹس منسوخ کرنے اور ادا شدہ رقوم اقسا ط کی صورت واپس کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس پر کئی سال قبل پلاٹس خریدنے والے افراد سخت پریشانی کا شکا رہیں

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں