سردار عتیق احمد خان کا جماعت کے 87 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سہ روزہ تقریبات کا اعلان

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 15:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے جماعت کے 87 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سہ روزہ تقریبات کا اعلان کیا ہے۔ مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قائد جماعت نے تمام تحصیل و ضلعی صدور سے کہا ہے کہ 15،16 اور 17 اکتوبرکو ریاست جموں و کشمیر کی اولین نمائندہ جماعت مسلم کانفرنس کی 87 ویں سالگرہ جوش و جذبے سے مناتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم اور محصور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔

مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ہندوستان کا حصہ بنانے اور قتل عام کی بھر مذمت کی جائے۔

(جاری ہے)

تمام ضلعی و تحصیل صدر مقامات پر کشمیر بنے گا پاکستان ریلیوں کا انعقاد کیا جائے۔ بیرون ممالک تن ظیمیں بھی اپنے اپنے مقامات پر تقریبات منعقد کریں۔انھوں نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس دونوں اطراف کے کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے۔

مسلم کانفرنس تحریک آزادی کی پشتی بان اور تحریک تکمیل پاکستان کی وارث ہے۔ جماعتی رہنما اس موقع پرمسلم کانفرنس اور مجاہد اول کے مشن اور تحریک تکمیل پاکستان سے بھی جواں سال نسل کو آگاہ کریں۔ مسلم کانفرنس ریاستی تشخص اور نظریہ الحاق پاکستان کی پہرا دار ہے۔مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے ریاست جموں وکشمیر کی مکمل آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رہے گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں