بیساکھی میلہ پر سکھ یاتریوں کی حفاظت کے انتظامات بارے ڈپٹی کمشنر ننکانہ کی زیر صدارت اجلاس

اتوار 14 اپریل 2024 20:50

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی زیرصدارت بیساکھی میلہ کے انتظامات کا خصوصی اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔متعلقہ اداروں کے افسران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس دوران اے پی پی سے خصوصی طور پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بیساکھی کی تقریبات آج سے 18 اپریل تک جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ننکانہ صاحب کی انتظامیہ نے بہترین اور فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام گوردوارہ جات میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، محکمہ صحت، پولیس،ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے پولیس کے کمانڈوز نے اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں، پاکستان تمام مذاہب و مسالک کے لوگوں کے لیے محفوظ ترین ملک ہے،سکیورٹی اداروں کی جانب سے ملک بھر میں شرپسند عناصر کی سرکوبی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ملکی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستان آنے والے سکھ یاتری امن اور محبت کا پیغام لے کر جائیں گے، سکھ یاتریوں کے لئے ہر ممکن بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں