ڈی پی او نے نئی تعمیر ہونیوالی پولیس خدمت مرکز کی بلڈنگ کا جائزہ لیا

پیر 29 اپریل 2024 20:25

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ڈی پی او نے نئی تعمیر ہونیوالی پولیس خدمت مرکز کی بلڈنگ کا جائزہ لیا، تعمیراتی کاموں کو چیک کیا اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں اضافے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں ریڈر ڈی پی او طاہر عزیز، ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ افضل وسیر، انچارج آئی ٹی عقیل عباس نامی، انچارج پولیس خدمت مرکز ریاست گجر اور بلڈنگ کلرک شاہد محمود شامل ہیں۔

کمیٹی چار روز میں اپنی سفارشات ڈی پی او کو پیش کرے گی جس پر حتمی فیصلہ کرنے کے بعد عوام الناس کو پولیس خدمت مرکز پر دی جانیوالی سہولیات میں اضافہ کیا جائیگا۔ اس موقع پر اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق لاکھوں روپے مالیت کی لاگت سے تیار کیا جانے والا پولیس خدمت مرکز 24 گھنٹے عوام الناس کے لیے کھلا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

شہری کسی بھی وقت پولیس خدمت مرکز سے متعلقہ سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ تمام پولیس افسران و عملہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی شہری کو پولیس خدمت مرکز پر کوئی پریشانی نہ ہو۔ پولیس خدمت مرکز کی عمارت اور عملہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ موجودہ دور میں پنجاب پولیس عوام الناس کے لیے گراں قدر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام الناس کی سہولیات میں اضافے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ شہریوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ ضلعی پولیس خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔ دوران وزٹ ڈی پی او نے نئی تیار ہونیوالی بلڈنگ میں مزید بہتری کے لیے بلڈنگ کلرک کو مزید ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں