مفت آٹے کیلئے آنے والے 72 سالہ شخص کو آٹا مل گیا، زندگی چلی گئی

پاکستانی شہری 14 کلو میٹر دور سے مفت آٹا لینے پہنچا تھا، آٹے کا تھیلا لے کر رش سے نکلتے ہوئے بیہوش ہوا اور دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 15 اپریل 2023 22:08

لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 15 اپریل 2023ء) مفت آٹے کیلئے آنے والے 72 سالہ شخص کو آٹا مل گیا، زندگی چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہری 14 کلو میٹر دور سے مفت آٹا لینے پہنچا تھا، آٹے کا تھیلا لے کر رش سے نکلتے ہوئے بیہوش ہوا اور دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو کے مطابق جموال موڑ کے قریب مفت آٹا سینٹر میں 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔

عبدالرؤف نامی شخص کو ریسکیو اہلکاروں نے اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ آٹا سینٹر کے فوکل پرسن کا کہنا ہےکہ شہری آٹا لیکر سینٹر سے باہر نکلا تو دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت کی جانب سے مفت آٹےکی تقسیم کے دوران ایک اور خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجاب کے شہر جہانیاں میں مفت آٹےکی تقسیم کے دوران بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ جہانیاں کرکٹ اسٹیڈیم میں قائم آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ سے 2 خواتین بے ہوش ہوگئیں، دونوں خواتین کو اسپتال منتقل کردیا گیا، ایک خاتون دوران علاج دل کا دورہ پڑنے سےجاں بحق ہوگئی۔ اس سے قبل ساہیوال کے نواز شریف پارک میں بھی مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں 19 خواتین زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق بھی ہوئیں۔ واضح رہے کہ اب تک مفت آٹے کے حصول کے لیے سخت گرمی اور رش میں بد نظمی اور بھگدڑ سے کئی افراد جان سے جاچکے ہیں۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں