خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں عیدالفطر منائی گئی، صوبہ ہزار ی کے چیئر مین اور قائمقام گور نر کا عید (کل)منانے کااعلان

پیر 2 مئی 2022 17:48

پشاور/شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2022ء) خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں پیر کو عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔خیبر پختونخوا کی مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، اس موقع پر ملک کی سالمیت اور بقاء کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور خطبات میں مسجد نبوی ؐ میں پیش آئے واقعہ کی مذمت بھی کی گئی۔

پشاور میں عید الفطر کا مرکزی اجتماع چار سدہ روڈ پر واقع مرکزی عید گاہ میں ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔جنوبی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جبکہ بنوں، نوشہرہ، صوابی، ٹانک اور مردان سمیت صوبے کے تمام شہروں میں عید منائی گئی تاہم ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر (کل) بروز منگل کو منانے کا اعلان کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں بھی چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ میں عید الفطر منائی گئی اس کے علاوہ ژوب، موسیٰ خیل، دکی، کوہلو، بارکھان میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا، شمالی اضلاع میں چاند دیکھنے والے 40 سے زائد گواہ کمیٹیوں کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

ادھر پاکستان میں بوہری برادری نے بھی پیر کو عید منائی ۔کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عید ادا کی گئی، جس کے بعد بوہری برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔اس موقع پر بوہری جماعت خانے کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور بوہری جماعت خانے کی طرف جانے والی سڑک کو دونوں جانب سے بند کر دیا گیا تھا۔دوسری جانب ب خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں (آج) منگل کو عید منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین سردار محمد یوسف نے اعلان کیا کہ پیر کو ہزارہ میں عید نہیں منائی جائے گی۔ارہ میں عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق (آج)منگل کو منائی جائے گی۔دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے کہاکہ ہزارہ ڈویژن میں عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے حکم پر تین مئی بروز منگل کو منائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شرعاً مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو قاضی القضاة کی حیثیت حاصل ہے اور ان کی مسترد شدہ گواہی مسترد تسلیم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ پیر کوہزارہ ڈویژن میں روزہ رکھا گیا دریں اثناء قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق غنی نے صوبائی حکومت کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے پیر کو عید نہ منانے کا اعلان کیا ہے۔مشتاق غنی نے عید الفطر سے متعلق ویڈیو بیان میں کہا کہ ہزارہ میں کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی عید الفطر 3 مئی کو ہوگی، البتہ پشاور میں عید کا اعلان ہوا ہے ، علماء کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں