شمالی وزیرستان میں مقامی کمیٹی کا رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان

موسم ابرآلود ہونے کے باعث رمضان المبارک کا چاند نظر آنے سے متعلق کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی

اتوار 10 مارچ 2024 22:20

شمالی وزیرستان میں مقامی کمیٹی کا رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان
شمالی وزیرستان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں مقامی اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کمیٹی ممبران نے بتایا کہ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا تھا، میرعلی میں کمیٹی کے مولانا وقار الدین دیگر علمائے کرام کے ساتھ چاند دیکھنے اور شہادتوں کے انتظار میں بیٹھے رہے تاہم موسم ابرآلود ہونے کے باعث رمضان المبارک کا چاند نظر آنے سے متعلق کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ ہر سال میرعلی حیدر خیل میں مقامی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی دیگر ملک سے ایک دن قبل شہادت موصول ہونے پر رمضان اور عید کا اعلان کرتی ہے۔ ادھر سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور کل پہلا روزہ ہوگا، سعودی عرب نے رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آنے کے بعد پیر 11 مارچ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب کے بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا تاہم مملکت میں چاند دیکھنے کیلئے مملکت کی 10 آبزرویٹریز میں اجلاس ہوئے، سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ دنیا بھر کے بہت سے ممالک میں آج چاند دیکھنے والی کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے، جن میں سے بعض ممالک نے اعلان کیا ہے کہ اتوار 10 مارچ کو رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے ان ملکوں میں 12 مارچ کو پہلا روزہ دن ہوگا۔ آسٹریلیا کی فتویٰ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں رمضان 2024ء کا آغاز 12 مارچ سے ہوگا، یہ تاریخ آسٹریلیا کی فتویٰ کونسل اور آسٹریلیا کے مفتی اعظم ڈاکٹر ابراہیم ابو محمد کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد جاری کی گئی جب کہ فلپائن میں مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ملک میں اتوار 10 مارچ کو چاند نظر نہیں آیا اور اس طرح مقدس مہینے کا آغاز 12 مارچ کو ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ سنگاپور کے مفتی اعظم نے بھی اعلان کیا ہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ سے ہوگا کیوں کہ اتوار کی شام سورج غروب ہونے پر چاند کی پیدائش ابھی ابتدائی گھنٹوں میں تھی جس کی وجہ سے اس کا نظر آنا ممکن نہیں تھا اور وہ طے شدہ معیار پر پورا نہیں اترتا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ ملائیشیا میں بھی حکومتی سطح پر اعلان کیا گیا ہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ سے ہوگا جب کہ برونائی میں بھی رواں برس رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ سے ہو رہا ہے کیوں کہ ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر نہیں آیا، انڈونیشیا میں مذہبی امور کی وزارت نے بھی رمضان کے آغاز کی تاریخ کا اعلان 12 مارچ سے کیا ہے، کیوں کہ ملک میں مشاہداتی مقامات پر چاند نظر نہیں آیا۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں