بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کو سال کا عرصہ گزر چکا ،تاحال بلدیاتی ادارے غیر فعال ہیں،آغا گل شاہ حسین بلوچ

اتوار 31 مارچ 2024 02:30

پنجگور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی مکران کے جنرل سیکرٹری وائس چیئرمین آل پارٹیز ایکشن کمیٹی پنجگور اور کونسلر میونسپل کارپوریشن پنجگور آغا گل شاہ حسین بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کو ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن تاحال بلدیاتی ادارے غیر فعال ہیں وفاقی یا صوبائی حکومت کی طرف سے انہیں کوئی فنڈنگ نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے عوامی مسائل میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں شہروں کی تعمیر و ترقی خوبصورتی اور عوام کے بنیادی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی خاطر بلدیاتی اداروں کو مظبوط بنایا جاتا ہے مگر افسوس کہ ہمارے ملک میں بلدیاتی اداروں کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہمارے شہر اور گاوٴْں کھنڈرات کے مناظر پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں بھی بلدیاتی ادارے گوناں گوں مسائل کے شکار تھے ایک دفعہ پھر بلدیاتی اداروں اور نمائیندوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے گزارش کی ہے کہ تمام بلدیاتی اداروں کو فوری طور پر فنڈز کا اجرائ کریں بصورت دیگر بلوچستان کے تمام بلدیاتی نمائیندوں کے ساتھ ملکر شدید احتجاج کریں گے۔

پنجگور میں شائع ہونے والی مزید خبریں