کرپشن کے خاتمے اور ریاست مدینہ کے دعویداروں کی حکومت میں ملک عالمی سطح پر معاشی درجہ بندی میںتنزلی اور کرپشن میں اوپر چلا گیا،قومی وطن پارٹی

بدھ 27 جنوری 2021 20:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور ریاست مدینہ کے دعویداروں کی حکومت میں ملک عالمی سطح پر معاشی درجہ بندی میںتنزلی اور کرپشن میں اوپر چلا گیاہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہPK-57اتمانزئی میں پارٹی کارکنوں کی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندر شیرپائونے کہا کہ شہید وطن حیات محمد خان شیرپائو کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائیں گے اور اس میں پارٹی کارکن اورشہید لیڈر کے عقیدت مند اپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن کے حوالے گیلپ کی سروے رپورٹ نے پی ٹی آئی کے حکمرانوں کی شفافیت اور کرپشن کے خاتمے کے دعوئوں سے ہوا نکا ل دی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق 39فیصداکثریتی پاکستانیوں نے کرپشن میں اضافے کی تصدیق کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات کے دوران حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے کرپشن کے خلاف دھاڑیں اور چیخیں ابھی تک عوام بھولے نہیں مگروہ سب دعوے، وعدے پی ٹی آئی کی ڈھائی سالہ دور حکومت کے باوجودختم نہیں ہوئے بلکہ اس میں حد درجے اضافہ ہوا اور مہنگائی، ڈالر،پٹرولیم مصنوعات،بجلی و گیس ، اندرونی و بیرونی قرضے، بیروزگاری اور غربت تاریخی حدیں پار کر چکی ۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک پر 11ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھانے کے بعد بھی آئی ایم ایف کے سامنے جھولی پھیلائی ہوئی ہے جس سے اشیائے خورد و نوش اور باالخصوص بجلی کی قیمتوں میں ناقابل برداشت حد تک مزیداضافہ ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ملکی محکمے باالخصوص صحت اور تعلیم زبوں حالی کا شکا ر ہیں اور اب تو نوبت یہاں تک آچکی ہے کہ حکمران ملک کے تعلیمی ادارے کے ملازمین کو آدھی تنخوا ہ لینے کے حوالے خطوط لکھ رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی اداروں کو خصوصی توجہ دے کر ان کی مالی مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ تمام محاذوں پر ناکامی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی داخلہ و خارجہ پالیسیاں بھی ناکام ہوچکی ہیں اور ان کے پاس اتنی اہلیت نہیں کہ وہ اپنے دوست ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات برقرار رکھ سکے۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین الحاج محمد ہاشم خان،وائس چیئرمین شمشیر خان اور ضلع چارسدہ کے پارٹی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں