حالیہ بارشوں نے حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا ‘ سکندر شیرپائو

پشاور شہر تالاب بن گیا،لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اورپانی پشاور کی سڑکوں پردریاؤں کی شکل میں بہہ رہا ہے ‘ صوبائی چیئرمین کیو ڈبلیو پی

منگل 16 اپریل 2024 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے حالیہ بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرین کی مالی دادرسی کا مطالبہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل گنڈھیری میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی امور اور عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے حوالے غور و حوض کیا گیا۔شرکائے اجلاس نے کہا کہ پارٹی کو تنظیم لحاظ سے منظم و فعال بنائیں گے تاکہ علاقہ اور عوام کے مسائل کو بہتر انداز میں ہر فورم پر اجاگر کیا جاسکے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے پی ٹی آئی حکومت کی دس سالہ کارکردگی کا پول کھول دیا،پشاور شہر تالاب بن گیا،لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اورپانی پشاور کی سڑکوں پردریاؤں کی شکل میں بہہ رہا ہے جس سے لوگوں کو نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کاقیمتی سامان اور املاک سیلابی ریلوں کی نظر ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں نے صوبہ بھر میں تباہی مچا دی ہے درجنوں قیمتیں انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ کھڑی فصلیں،باغات اور قیمتی املاک شدید متاثر ہوئے ہیں۔انھوں نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بلاجواز بڑھائی گئی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ حکمران عوام پر بوجھ ڈالنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے جبکہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے۔

انھوں نے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کوواپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوہر مرتبہ قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے حکمران اپنی شاہ خرچیوں میں کمی لاکر مہنگائی و بے روزگاری اور معاشی بد حالی کے ستائے ہوئے عوام کو تمام سطحوں پر ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں