خیبرپختونخوا میں بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل تیز

کوئی بھی چیز انسانی جان کا نعم البدل نہیں بن سکتی ،حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور

بدھ 17 اپریل 2024 20:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اب تک پی ڈی ایم اے کی طرف سے مختلف اضلاع میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کی مالی امدادی کیلئے پانچ کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔

مالی امداد کی مد میں ضلع نوشہرہ کیلئے دو کروڑ، لوئر دیر 50 لاکھ، سوات اور ملاکنڈ کیلئے 30، 30 لاکھ ، اپر دیر اور ٹانک کیلئے 20، 20 لاکھ جبکہ لوئر چترال، بٹگرام، کرک، پشاور اور چارسدہ کیلئے 10، 10 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ لوئر چترال میں عمومی امداد کی مد میں بھی ایک کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بارش سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بارشوں کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، متاثرین کی امداد اور بحالی صوبائی حکومت کی سب سے پہلی ترجیح ہے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام متاثرہ اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کا بغور جائزہ لیا جائے اور تمام متاثرین کو امداد اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بارشوں سے متاثرہ انفراسٹرکچرز کی بحالی پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل کیے جا سکیں اور لوگ اپنی نارمل زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی چیز انسانی جان کا نعم البدل نہیں بن سکتی تاہم صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دستیاب وسائل کے مطابق ان کی ہر ممکن مدد بھی کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں