افغان فنکاروں نے پاکستان سے بے دخلی کو چیلنج کردی

منگل 24 اکتوبر 2023 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2023ء) افغان فنکاروں نے پاکستان سے بے دخلی کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔افغان فنکاروں نے پاکستان سے بے دخلی کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت پاکستان نے یو این ایچ سی کیساتھ 2003میں معاہدہ کیا تھا جس کے تحت پاکستان افغان مہاجرین کو جبری طور پر ملک سے نہ نکالنے کا پابند ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے میں افغانستان کی حکومت بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق بھی افغان مہاجرین کو وہ حقوق حاصل ہیں جو پاکستانیوں کو ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامئے کے بعد افغان مہاجرین کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ یو این ایچ سی آر کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پابندی کروائی جائے اورپکڑ دھکڑ کو روکا جائے۔پشاور ہائیکورٹ سے درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک حکومت کو افغان مہاجرین کی گرفتاری اور جبری انخلا سے روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت ، نادرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں