وزیراعظم کی کم لاگت گھروں کیلئے مزید 10سے 15ارب مختص کرنے کی ہدایت

3 مرلے کے 6 ہزارمکینوں نے رہائش حاصل کرلی، قسطوں کے 35 کروڑ واپس خزانے میں جمع، 35 کروڑ سے مزید لوگوں کو قرضے دیے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 4 فروری 2021 19:01

وزیراعظم کی کم لاگت گھروں کیلئے مزید 10سے 15ارب مختص کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 فروری 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کم لاگت گھروں کیلئے مزید 10 سے 15 ارب مختص کرنے کی ہدایت کردی ، 3 مرلے کے 6 ہزارمکینوں نے رہائش حاصل کرلی، قسطوں کے 35 کروڑ خزانے میں جمع بھی کروا دیے، وزیراعظم نے کہا کہ 35 کروڑ حکومت کو واپس ملے ، وہ مزید لوگوں کو قرضے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کم لاگت ہاوٴسنگ اسکیم سے متعلق اجلاس ہوا، وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ کم لاگت ہاوٴسنگ اسکیم کے7572 گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔

1500گھر آئندہ ماہ غریب افراد کے حوالے کردیے جائیں گے۔3 مرلے کے 6000 مکینوں نے رہائش اختیار کرلی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 3ارب کے کم لاگت والے گھروں کی اسکیم کے رہائشیوں نے ابتدائی طور پر3 ارب میں سے 35 کروڑ روپے قرضہ واپس کردیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 35 کروڑ حکومت کو واپس ملے ، وہ مزید لوگوں کو قرضے دیں گے، منصوبے کیلئے مزید 10سے 15ارب مختص کریں۔

ذاتی چھت کا حصول غریب طبقے کا خواب تھا، جس کو پورا کریں گے۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے قبضہ مافیا سے متعلق اجلاس میں آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو صوبے بھر میں بلاامتیاز آپریشن کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبضہ مافیا معاشرے کا ناسور بن چکا ہے،ساری زندگی کی جمع پونجی پاکستان لانے والوں کی داد رسی کی جائے، اورسیز پاکستانیوں کی زمینوں سے ناجائز قبضہ فوری ختم کروائیں۔

قبضہ مافیا کیخلاف انکوائری کی رپورٹ ہر ہفتے پیش کی جائے۔ اسی طرح وزیراعظم نے نظامِ حکومت کے حوالے سے اجلاس میں کہا کہ عوام کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جبکہ عوام اور حکومت کے درمیان تعلق کو مستحکم کیا جائے گا۔ اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، ہرشعبے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے فوری ایکشن لیا جائے۔ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور توجہ دی جائے۔ عوام کو مفاد پرست عناصر کے پروپیگنڈے سے محفوظ رکھا جائے۔

قلعہ عبد اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں