کوئٹہ ، ویگن موڑ کاٹتے کھائی میں جاگری،22افراد جاںبحق،بچہ زخمی

: حادثہ قلعہ سیف اللہ کے علاقے اختر زئی ادولہ کے مقام پر پیش آیا، مرنے والے گیارہ افراد کاتعلق ایک ہی خاندان سے تھا

بدھ 8 جون 2022 23:54

قلعہ سیف اللہ /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2022ء) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے اختر زئی ادولہ کے مقام پر ویگن موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 22افراد جاںبحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیاہے جاںبحق ہونے والوں میں 11افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایاجارہاہے ۔ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ حافظ محمد قاسم کاکڑ کے مطابق گزشتہ روز ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے اختر زئی ادولہ کے مقام پر لورالائی سے ژوب جانے والی مسافر ویگن موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے ویگن میں سوار 22افراد جاںبحق جبکہ بچہ زخمی ہوگیاہے ،ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پرپہنچ کر لاشوں کو نکالنے کاآپریشن شروع کردیاہے ،ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ کے مطابق جاںبحق ہونے والوں میں 12مرد ،6خواتین اور 5بچے شامل ہیں میں خود تمام تر آپریشن کی نگرانی کررہاہوں ،لاشوں کی شناخت اور معلومات ومدد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مدد گار ٹیم موجود ہیں ،ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں ویگن ڈرائیور بھی جاںبحق ہواہے ،لاشوں کی آبائی علاقوں تک منتقلی کیلئے ضلع انتظامیہ مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریگی ۔

(جاری ہے)

تمام ترضروری کاروائی کے بعد ہی لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیںگی ،ویگن قلابازیاں کھاتے ہوئے بری طرح سے تباہ ہو چکاہے مسافر ویگن لورالائی سے ژوب جارہاتھا، دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ مواصلات مولاناعبدالواسع نے قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج وغم کا اظہارکیاہے ،وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو جائے حادثہ پر ایمرجنسی نافذ کرکے امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیںزخمیوں کی ہر ممکن دیکھ بھال اور شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جائے

قلعہ سیف اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں