بارش اوربرفباری سے کوئٹہ میں پارہ منفی 5 ہوگیا، پنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں کے اطراف میں جمع برساتی پانی جم گیا

ہفتہ 2 مارچ 2024 17:18

کوئٹہ /راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2024ء) بارش اور برف باری کے بعد کوئٹہ کا موسم شدید سرد ہوگیا جب کہ موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر پنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہا، گزشتہ روز بارش اور رات برفباری کے بعد کوئٹہ کا موسم شدید سرد ہوگیا اور درجہ حرارت منفی پانچ تک گرگیا ہے۔

کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں کے اطراف میں جمع برساتی پانی جم گیا ہے، اس کے ساتھ ہی شدید سرد موسم کی وجہ سے صارفین کو سوئی گیس پریشر میں کمی کا سامنا بھی کرنا پڑ ا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد اورخشک رہے گا، کوئٹہ سمیت زیارت، ڑوب، بارکھان میں آج چند مقامات پربارش اور پہاڑوں پربرفباری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و خشک اور شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا جب کہ قلات میں درجہ حرارت منفی 7 ریکارڈ کیاگیا ہے۔دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے سبب ایم ڈی واسا نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ایم ڈی واسا کے مطابق راولپنڈی میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ نکاسی آب میں مصروف ہیں جب کہ نالہ لئی میں کٹاریاں پر 5 اور گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاؤ 4 فٹ ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں