کاٹن ایکشن پلان 2023-24پر عملدرآمدسے 3ارب ڈالر زرمبادلہ کا حصول ممکن ہوسکے گا، سیکرٹری زراعت

ہفتہ 6 مئی 2023 20:10

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2023ء) کاٹن ایکشن پلان 2023-24پر عملدرآمدسے 3ارب ڈالر زرمبادلہ کا حصول ممکن ہوسکے گا، کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت ایک چیلنجگ ٹاسک ہے جس کے حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت و دیگر اسٹیک ہولڈرز ملکر کام کررہے ہیں۔اس سلسلہ میں ڈویژنل، ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر جاری زرعی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں کپاس کی کاشت سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر،ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان،لیہ،مظفر گڑھ اور راجن پور،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب ڈاکٹر انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ رانا فقیر احمد، ڈی جی خان ڈویژن سے محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے ڈائریکٹرز و ڈپٹی ڈائریکٹرز سمیت ترقی پسند کاشتکاروں ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہونے مزید کہا کہ امسال ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 9لاکھ 71ہزار ایکڑ رقبہ کپاس کے زیرکاشت لایا جارہا ہے جس کیلئے ضلعی انتظامیہ محکمہ زراعت کے فیلڈ عملہ کو مکمل سپورٹ فراہم کررہی ہے تاکہ کپاس کی کاشت و پیداوار کے اہداف کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ انہار کپاس کی کاشت کے دوران نہری پانی کی دستیابی کو یقینی بنائے۔

اس سلسلہ میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں نہری پانی کی بندش کو فی الفور ختم کیا جائے تاکہ کپاس کی بوائی بروقت مکمل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع وپیسٹ وارننگ کا عملہ کاشتکاروں کو فنی رہنمائی و معاونت فیلڈ میں جاکر فراہم کرے اور تمام کاشتکاروں کا ڈیٹا مرتب کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امسال حکومت پنجاب کی جانب سے کپاس کی بحالی کے تاریخی پیکج کے تحت متعدد عملی اقدامات کیے گئے ہیں جس سے کاشتکاروں کیلئے کپاس کی کاشت منافع بخش ثابت ہوگی۔

امسال تحصیل کی سطح پر سہولت مراکز کا قیام اور کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے کپاس کے پیداواری مقابلوں 2023 کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے جس کے تحت نمایا ں پیداوار لینے والے کاشتکاروں کو صوبائی و ضلعی سطح پر کروڑوں روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کپاس کی کاشت کے ڈیٹا کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے کاؤنٹر چیک کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کاٹن کمیٹیاں ضلعی سطح پر باقاعدگی سے ہفتہ وار میٹنگز منعقد کریں اور کپاس کی کاشت میں درپیش مسائل فوری حل کریں۔اس کے علاوہ کاٹن سیزن کے دوران فیلڈ سٹاف کی کمی پورا کرنے کیلئے ٹریننگ انسٹیٹیوٹس کے طالب علموں کوتعینات کیا جائے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں