راجن پور میں ڈرائیور کی نیند بس میں سوار 5 زائرین کی جان لے گئی

ڈرائیور کی آنکھ لگنے کی وجہ سے مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں 20 زخمی بھی ہوئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 جولائی 2023 11:51

راجن پور میں ڈرائیور کی نیند بس میں سوار 5 زائرین کی جان لے گئی
راجن پور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جولائی 2023ء ) صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع شہر راجن پورکے قریب ڈرائیور کی نیند بس میں سوار 5 زائرین کی جان لے گئی، حادثے میں 20 زخمی بھی ہوئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق راجن پور کے قریب فاضل پور میں ڈرائیور کی آنکھ لگنے کی وجہ سے زائرین کی بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ سخی سرور سے جیکب آباد جانے والی بس راجن پور کے علاقے فاضل پور میں حادثے کا شکار ہوئی، اس بدقسمت حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں جب کہ 20 افراد شدید زخمی ہوئے۔

معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتال فاضل پور منتقل کر دیا گیا، جن میں سے بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بابوسر ٹاپ میں خوفناک حادثہ ہوا، جہاں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق اور 9 شدید زخمی ہوگئے، ساہیوال سے ایک ہی خاندان کے 18 افراد سیر کیلئے روانہ ہوئے تھے کہ بابوسر ٹاپ کے قریب گیٹی داس میں مسافر وین کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، حادثے میں ایک خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق اور نو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

اس حادثے کے حوالے سے پتہ چلا ہے کہ مسافر وین بے قابو ہوکر کھائی میں جا گری، کھائی میں گرنے سے گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے گاڑی مکمل طور پر جل گئی، حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال چلاس پہنچایا گیا، حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، ساہیوال سے خاندان کے 18 افراد سیر کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں