پنجاب میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام‘ 4 دہشت گرد گرفتار

خفیہ اطلاع پر ایک گھر پر کارروائی کے دوران دہشت گرد پکڑے گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 نومبر 2023 16:48

پنجاب میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام‘ 4 دہشت گرد گرفتار
راجن پور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 نومبر 2023ء ) صوبہ پنجاب میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پولیس نے 4 دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور کی تحصیل روجھان میں پولیس کی جانب سے عمل میں لائی گئی کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر پولیس نے گوٹھ مزاری کے علاقہ میں ایک گھر پر کارروائی کی گئی اور وہاں موجود 4 دہشت گرد وں کو پولیس نے گرفتار کیا، دہشت گرد اہم مقامات پر دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے تھے، گرفتار دہشت گردوں سے دو بارودی سرنگیں برآمد کرلی گئیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا۔

(جاری ہے)

ادھر شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے خیسور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سیکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، جن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ ابراہیم عرف موسی بھی شامل تھا، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں