کوئی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار قانون سے بالا تر نہیں ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 20 جولائی 2018 22:46

راجن پور۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر اللہ ڈتہ وڑائچ نے کہا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار قانون سے بالا تر نہیں ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ انتخابی ضابطہ ء اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں ۔انتخابی ضابطہ ء اخلاق کی خلاف ورزی پر صوبائی اسمبلی کے انتخابی امیدوار کو 15ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے انتخابات 2018ء راجن پور اللہ ڈتہ وڑائچ نے انتخابی ضابطہ ء اخلاق کی خلاف ورزی کی رپورٹ پر سماعت کی ۔این اے 193پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار جعفر خان لغاری اور پی پی 294کے آزاد امیدوار سردار حسنین بہادر دریشک سماعت کے دوران ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے انتخابات 2018ء کے سامنے پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

انتخابی ضابطہ ء اخلاق کی شق برائے تشہیری مواد کی خلاف ورزی کرنے پر امیدوار سردار حسنین بہادر دریشک کو 15ہزار روپے جرمانی عائد کر دیا گیایہ جرمانہ امیدوار کی جانب سے بغیر اجازت سرکاری عمارتوں پر اپنے سیاسی پرچم اور دیگر تشہیری مواد آویزاں کرنے پر لگایا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون شکنی نہیں کرنے دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ ء اخلاق کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت ،انتخابی امیدوار ،الیکشن ایجنٹس اور حامی کسی بھی شخص یا ووٹر کو کسی قسم کی رشوت ،تحائف یا لالچ دینے سے گریز کریں ۔انتظامیہ پر امن ،ہموار اور شفاف انتخابات منعقد کرانے کی راہ میں کوئی بھی سمجھوتہ برداشت نہیں کرے گی۔انتخابی امیدواران پر لازم ہے کہ وہ خود بھی انتخابی ضابطہ ء اخلاق پر عمل کریں اور اپنے حامیوں کو بھی اس پر عمل درآمد کرنے کا پابند بنانے کے لئے اقدامات کریں۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں