راولاکوٹ ،پونچھ کے دیگر علاقوں کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے اور علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے،سر دار مسعود خان

علاقے کے عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے اور اس ضمن میں تمام رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے گی،صدر آزادکشمیر

جمعہ 8 فروری 2019 16:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2019ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ مرکوز کر کے راولاکوٹ اور پونچھ کے دیگر علاقوں کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے اور علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رالاکوٹ کے ممتاز سیاسی و سماجی رہنما اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن حاجی رشید خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

حاجی رشید نے جموں وکشمیر ہائوس کے صدارتی بلاک میں جمعہ کے روز صدر آزادکشمیر سے ملاقات کی اور علاقے کے عوام کے مسائل اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر جاری ترقیاتی کاموں میں پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما نے صدر آزادکشمیر کو پکھر، علی سوجل، چھوٹا گلہ، سنگولہ اور حسین کوٹ کی یونین کونسلز میں ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال اور منصوبوں کے آغاز اور تکمیل میں حائل رکاوٹوں سے صدر آزادکشمیر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بالخصوص سڑکوں، پینے کے صاف پانی اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ مسلم لیگی رہنما حاجی رشید نے صدر سردار مسعود خان کو دعوت دی کہ وہ راولاکوٹ کے حلقہ تین کا مارچ کے مہینے میں تفصیل سے دورہ کر کے ترقیاتی کاموں کو خود مشاہدہ کریں اور عوامی مسائل سے ذاتی طور پر آگاہی حاصل کریں۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے یقین دلایا کہ علاقے کے عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے اور اس ضمن میں تمام رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ کھائی گلہ، تولی پیر، لس ڈنہ سڑک کی تعمیر کے لئے ابتدائی منصوبہ بندی آخری مراحل میں ہے۔ اس شاہراہ کی تعمیر سے نہ صرف علاقے کے عوام کو نقل و حمل میں بہترین سہولیات میسر آئیں گی بلکہ اس سے سیاحت کے فروغ میں بھی بڑی مدد ملے گی۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ دریک واٹر سپلائی سکیم کے منصوبہ پر حکومت خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے گی جبکہ چک دھمنی ہسپتال کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا ۔ صدر آزادکشمیر نے لیگی رہنما کی طرف سے حلقہ تین رالاکوٹ کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ اگلے ماہ اس علاقے کا تفصیلی دورہ کریں گے۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں