اے پی سی کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،غلام سرور خان

اقتدار کا خواب دیکھنے والے تا حیات نا اہل ہونگے،اسلام اور پاکستان مخالف کبھی کامیاب نہیں ہونگے وفاقی وزیر برائے ہوابازی کا یوسی رنیال میں گیس فراہمی منصوبوں کا افتتاح

ہفتہ 26 ستمبر 2020 22:42

اے پی سی کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،غلام سرور خان
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر برائے ہو ابازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ اے پی سی کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اقتدار کا خواب دیکھنے والے تا حیات نا اہل ہونگے،اسلام اور پاکستان مخالف کبھی کامیاب نہیں ہونگے ، پاکستان کو کمزور کرنا یہود وھنود کا ایجنڈا ہے کیونکہ یہا ں ستانوے فیصد مسلمان بستے ہیں ، اتفاق و اتحاد سے ہم ان عناصر کو شکست دیں گے،عوام کو فوج کے خلاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے ہفتہ کو یونین کونسل رنیال کے تین گاؤں ڈھوک ریکا، ڈھوک چٹھہ اور ڈھوک پڑ میں گیس کی فراہمی کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب اور ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم این اے منصور خان ، ایم پی اے عمار صدیق ، راجہ پرویز حشمت اور دیگر مقامی قیادت بھی موجود تھی ۔وفاقی وزیر برائے ہو ابازی غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان بننے سے لے کر آج تک اسکے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، داعش ملت اسلامیہ کا گلا کاٹ رہی ہے، یہ یہودی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، اپنی لوٹ مار چھپانے کے لئے مولانا نے پہلے دھرنادیا اب بھی کوشش کر رہے ہیں ،ان کو ذلت و رسواء کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا ، مخالفین صرف بھڑکیں مارتے ہیں اور لوگو ں کی توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وسیع تر ملکی مفاد میں کسی ادارے کے سربراہ سے ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں مگر ان سے اپنی کرپشن کے لئے این آر او کی صورت میں راستہ مانگنا درست نہیں ، دن کو اکڑکر چلتے ہیں اور رات کو تنہاء میں اپنے خلاف کیسوں کے خاتمے کی بھیک مانگتے ہیں۔غلام سرور خان نے کہاکہ علاقے کی تعمیرو ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، عوام کی خدمت اولین ترجیحات میں شامل ہے ،علاقے کی پسماندگی کو خوشحالی میں بدلنے کی انتھک کوشش کر رہے ہیں،عوام کو حقوق کے حصول اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہاکہ این اے 63تعمرو ترقی کے حوالے سے مثالی حلقہ بنائیں گے اور یہاں پر ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی بناء جائے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں