مسلہ کشمیر سیاسی اور انسانی حقوق کا مسلہ ہے، مشعال ملک

اتوار 25 اکتوبر 2020 23:15

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2020ء) : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال ملک نے کہا ہے کہ مسلہ کشمیر سیاسی اور انسانی حقوق کا مسلہ ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جناح پارک، راولپنڈی میں آزادی کشمیر ٹین پن باولنگ چیمپین شپ کی افتتاحی تقریب میں کیا، اس موقع پر پاکستان ٹین پن با?لنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن بھی موجود تھے، مشال ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر میں زندگی مکمل طور پر مفلوج ہے اور لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے اور اس نے جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، اپنے شوہر یاسین ملک کے بارے میں انہوں کہا کہ ان سمیت کئی حریت رہنما ڈیڈسیل میں بند ہیں، مشال ملک نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکے، ان کا کہنا تھاکہ بھارتی فوج کے مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں کیا جا سکتا، ہماری جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی، بعدازاں انہوں نے آزادی کشمیر ٹین پن باولنگ چیمپین شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کہا کہ انہیں یہ کھیل بہت پسند ہے، وہ اپنے شوہر یاسین ملک کے ساتھ اکثر یہ کھیل کھیلا کرتی تھیں، ایونٹ کے پہلے روز مینز اور ویمنز سنگلز مقابلے منعقد ہوئے، واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 29 اکتوبر جبکہ فائنل مقابلے 30 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں