کمشنرسرگودہاکازیر ِتعمیر 47 پل کی سست روی کا نوٹس، پل کو فوری مرمت کرکے بحال کرنے کی ہدایت

جمعرات 18 اپریل 2024 15:25

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے زیر ِتعمیر 47 پل کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو جمعرات کے روز اپنے دفتر طلب کیا اور تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے ساتھ عوام کی سہولت کے لیے پل کی ایک سائڈ کو ٹریفک کے بہاؤ کے لیے فوری مرمت کرکے بحال کرنے کی ہدایت کی۔ ایس ای روڈ نے بتایا کہ 47 پل زیر تعمیر اوور فلائی کے لیے رواں مالی سال 18 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے تھے جو سو فیصد خرچ کیے جا چکے ہیں۔

صوبائی حکومت سے مزید پانچ کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ زیر تعمیر اوور فلائی پر فیسکو کو چند کھمبے اور تاروں کی منتقلی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کے مطابق پانچ کروڑ روپے جاری کر دئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

فیسکو حکام کے مطابق ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے اور جلد ہی کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زیر تعمیر اوور فلائی میں سوئی گیس کی دو مین پائپ لائنز کی تبدیلی کے لیے محکمے کو ایک کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جارہے ہیں۔

حکام کے مطابق رواں ماہ کے اختتام تک دونوں پائپ لائنز کو متبادل جگہ منتقل کر دیا جائے گا۔ ایس ای روڈ کا بتانا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام کی عدم دلچسپی کے باعث ِفلائی اوورکا تعمیراتی کام متاثر ہو رہا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے سات مین ہولز اور سیور لائن کی متبادل جگہ تبدیل کرنا مقصود ہے۔ ایکسین روڈ کے بار بار رابطے کے باوجود بورڈ حکام کی جانب سے تاحال کوئی تخمینہ/ ڈیمانڈ نوٹس نہیں تیار کیا جارہا جبکہ فنڈز موجود ہیں جس پر کمشنر نے کنٹونمنٹ بورڈ حکام کو چوبیس گھنٹے میں تخمینہ تیار کرکے ایکسین ہائی وے کے دفتر بھجوانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہاکہ اوور فلائی کی تعمیر سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنے اپنا اپنا کا کام بروقت مکمل کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جھال چکیاں بائی پاس کے لیے مزید 30 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دئے گئے ہیں۔ کمشنر نے ہائی ویز کے ٹھیکدار کو کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوالٹی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں