سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی

سابق حکومت نے خزانہ خالی کردیا ہے،کب تک کشکول لےکر پھریں گے، سابق وزیراعظم نے4 سال جھوٹ بولا، اب لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی شہبازشریف جاگے گا اور عوام سوئے گی۔وزیراعظم شہبازشریف کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 7 مئی 2022 18:15

سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی
شانگلہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی 2022ء) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور یواے ای نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، سابق حکومت نے خزانہ خالی کردیا ہے، کب تک ہم کشکول لے کر پھریں گے ، بھیک کے ذریعے زندگی نہیں موت ملتی ہے، لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اب شہبازشریف جاگے گا اور عوام سوئے گی۔انہوں نے شانگلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں یہاں نوازشریف کے شیر کے گھر آیا ہوں ، خیبرپختونخواہ کا میرا آج پہلا دورہ ہے، مجھے ابھی تین ہفتے وزیراعظم بنے ہوئے، خادم پاکستان کا عہدہ سنبھالا اور پورے پاکستان کا دورہ کیا، جب خیبرپختونخواہ آنا تھا تو میں نے سوچا سب سے پہلے شانگلہ سے خیبرپختونخواہ سے آغاز کروں گا، کے پی انتہائی خوبصورت صوبہ ہے، یہاں کے لوگ بڑے بہادر ہیں، پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان کا جھنڈا پر وقت ہاتھ میں تھاما، خیبرپختونخواہ عظیم صوبہ ہے، قربانیوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔

(جاری ہے)

کے پی کا چپہ چپہ پر بسنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خادم پاکستان بنا رہا ، میں جھوٹ نہیں بولوں گا، جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، غلطی ہوئی تو عوام کو گواہ بن کر معافی مانگیں گے،جب تک جان میں جان ہے، اللہ کو گواہ بناکر کہتا ہوں دن رات کام کروں گا، میں پہلے پاکستان ہوں ، خیبرپختونخواہ کا عظیم صوبہ بناکر دم لوں گا، خیبرپختونخواہ میں 8سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی، انہوں نے کتنے ہسپتال بنائے، کتنے یتیموں، غریبوں اور بیواوٴں ،لوگوں کا مفت علاج اورادویات مہیا کیں ، پنجاب میں اب دوبارہ چار سال بعد اب پھر مفت ادویات، مفت علاج شروع کروایا، وہا ں ادویات مفت ملتی ہیں، امیر آدمی شمالی امریکا، فرانس اور یورپ میں مہنگاترین علاج کرواتا ہے۔

اللہ نے موقع دیا تو خیبرپختونخواہ سمیت پاکستان بھر میں مفت ادویات اور علاج کیا جائیگا۔چار سالوں میں مہنگائی عروج پر چلی گئی، تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے، چار سالوں میں 24ہزار ارب قرض لیا لیکن کہیں بھی نئی اینٹ نہیں لگائی گئی، نوازشریف کے منصوبوں پر تختیاں لگائی گئیں، بی آر ٹی چلتی ہے تو جلتی ہے۔خیبرپختونخواہ والوں کے بنیادی مسائل حل کرکے دم لوں گا۔

رمضان شریف چند صوبوں میں چینی، اور آٹا سستا کروایا۔ اعلان کرتا ہوں کہ صوبہ پنجاب آٹا سستا کرے گا، میں چاہوں گاوزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ بھی آٹا سستا کرے گا، اگر نہیں کرے گا تو وفاق حکومت آٹا سستا کرنے کیلئے پیسے دے گی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سے اپیل ہے کہ تمام ہسپتالوں میں علاج فری کیا جائے اگر نہ کیا گیا تو ہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بزرگوں نے عظیم قربانیوں سے بنایا، آج ان کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی ، تعلیم علاج ہر کسی کا حق ہے ، تانگہ بان ، فراش، یا دکاندار کا بیٹا ہے سب کو حق ہے کہ وہ آگے بڑھیں، غداری اور وفاداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں، چار سالوں کی نااہلی تھی کہ گیس اور تیل نہ آسکا جس کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوئی، جس سے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا، ہماری مخلوط حکومت ہے دان رات کام کریں گے جان لڑا دیں گے پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنا کر چھوڑیں گے، آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہوگی وہی قیمت کے پی میں ہوگی، اگر کے پی میں پنجاب والی قیمت نہ رکھی گئی تو اپنے کپڑے بیچ کر سستا آٹا فراہم کروں گا۔

میں شہبازشریف ہوں غلط بیانی نہیں کروں گا، مجھ سے پہلے جو اس عہدے پر وزیراعظم تھا، اس نے چار سال عوام کو دھوکہ دیا، ورغلایا، اب اپنی تقریروں میں چار سالہ کارکردگی کی ایک بات نہیں کرتا، کیا بتائے گا، آٹا چینی مہنگی ہوگئے، چینی 52سے 100روپے، آٹا35سے 100 پہنچ گیا، کیا بتائے گا قوم کو نوازشریف نے ہزاروں میگاواٹ بجلی کے کارخانے لگائے لیکن ہم سوئے رہے اور لوڈشیڈنگ ہوتی رہی، لیکن اب شہبازشریف جاگے اور عوام آرام سے سوئیں گے۔

پوران میں 132کے وی کاگریڈ اسٹیشن ہے، میں کوشش کروں گا وہ گریڈ اسٹیشن تین ماہ میں بن جائے، شانگلہ کے علاقے بشام میں میڈیکل کالج کا اعلان کرتا ہوں، پورے علاقے میں چھوٹے مسائل ہیں،سابق حکومت نے خزانہ خالی کردیا، ابھی سعودی عرب سے آیا ہوں سعودی ولی محمد بن سلمان عہد پرتپاک استقبال کیا، وہ پاکستانی عوام کیلئے محبت کے جذبات رکھتے ہیں، پھر ابوظہبی میں گیا، سعودی عرب اور یواے ای نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، مگر بتاؤ! کب تک ہم کشکول لے کر پھریں گے؟کب تک ہم بھیک مانگیں گے، بھیک کے ذریعے زندگی نہیں موت ملتی ہے، اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ نماز ادا کرو اور پھر رزق کی تلاش میں نکل پڑو۔

پاکستان کو اللہ نے دریا، پہاڑ، معدنیات دیں لیکن آج پاکستان میں غریب بچے سکول نہیں جاسکتے۔ ایک دن آئے گا جب سبز ہلالی پرچم سب سے بلند ہوگا ، لیکن چھومنتر، سونے اور بیٹھ کر نہیں خون پسینہ بہانے سے ہوگا۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں