پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین نے اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی

مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کی مذمت، اہل کشمیر کے صبر و استقامت، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد اور قربانیوںن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا

جمعہ 11 اکتوبر 2019 18:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین نے وزیراعظم عمران خان کی کال پر اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میںانسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں، کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور مودی سرکار کی جانب سے کشمیر میں سنگین جنگی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہل کشمیر کی صبر و استقامت، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

جمعہ کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے اپنے مشترکہ بیان میں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی وفاقی حکومت کی کاوشوں کو موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کشمیر کے حوالے سے روایتی طرز عمل ترک کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں اہل کشمیر کو حق خودارادیت کی فراہمی اور مقبوضہ کشمیر میں متعصب بھارت سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روکنے کیلئے آگے بڑھیں۔

(جاری ہے)

اپنے مشترکہ بیان میں تحریک انصاف کے قائدین نے کہا کہ پانچ اگست کے اقدام کے نتیجے میں بھارت نے جنوبی ایشیاء میں ایک غیر معمولی تصادم کی بنیاد رکھی ہے جس سے نہ صرف علاقائی امن خطرے میں ہے بلکہ اس سے جنم لینے والے خطرات کے پوری دنیا میں پھیلائو کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آئینی حیثیت میں یکطرفہ طور پر تبدیلی کے ذریعے جنوبی ایشیاء کی نازی مودی سرکار نے عالمی قوانین، دوطرفہ معاہدوں اور بین الاقوامی قانون کو ردی کی ٹوکری کی نذر کرنے کی کوشش کی ہے جسے عالمی سطح پر ناکام بنایا جانا چاہیے۔

ان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے تاریخی خطاب سے جہاں اہل کشمیر کو مکمل یکجہتی اور سیاسی و سفارتی حمایت کا پیغام دیا ہے وہاں انہوں نے کشمیریوں کے حوالے سے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی بھی کوشش کی ہے، نتیجتاً کشمیر گمنامی سے نکل کر عالمی افق پر نمایاں ہوا ہے اور دنیا بھر سے امن، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار پر یقین رکھنے والے حلقوں سے مودی کی مذمت میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

اپنے بیان میں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو مخاطب کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے اور اسی لاکھ کشمیریوں کو غلامی کی مستقل زنجیروں میں جکڑنے کیلئے سفاک بھارت سرکار انہیں دنیاسے کاٹ چکی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی مکمل بندش اور مواصلاتی نظام کی معطلی سے دنیا اہل کشمیر کی آہ وپکار سننے سے محروم ہے چنانچہ عالمی میڈیا کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز بنے اور پوری دنیا کو جنوبی ایشیاء کی سفاک بھارت سرکار کی سیاہ کاریوں کو آگاہ کرے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ دو ماہ سے جاری کرفیو اور معاملات زندگی کے تعطل سے مقبوضہ کشمیر ایک انسانی المیے کی دہلیز پر کھڑا ہے۔ لاکھوں مظلوم کشمیری اگر کسی سانحے سے دو چار کیے جاتے ہیں تو اس کی ذمہ داری بہرحال عالمی ضمیر پر عائد ہوگی۔ تحریک انصاف کی قیادت نے اہل کشمیر کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا ہر کارکن پوری قوم کے ہمراہ اہل کشمیر کا ہم آواز ہے۔

جدوجہد کے ہر مرحلے پر اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مقبوضہ کشمیر بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل نہیں کرتا اور جب تک اہل کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں بنیادی حق خودارادیت میسر نہیں آجاتا۔وزیراعظم کی اپیل پر اسلام آباد کے ڈی چوک میں قائم کی گئی انسانی ہاتھوں کی زنجیر میں پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر فرید الرحمن اور راولپنڈی /اسلام آباد کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں