نجی کلینک میں ڈاکٹرکی مبینہ غفلت سے جاں بحق ماں اور نومولود بچی سپرد خاک

مقدمہ درج کیا جائے ، اگر انصاف نہ ملا تو لاہور میں وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دینگے ‘ورثاء

جمعرات 5 اکتوبر 2023 18:36

نارنگ منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2023ء) نارنگ منڈی میں ڈاکٹر طارق سیف گائنی نجی ہسپتال میں مبینہ طور پر دوران ڈیلوری آکسیجن نہ ملنے پر جاں بحق ہونے والی بیس سالہ ثانیہ مون اور اس کی نومولود بچی کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ہر آنکھ اشکبار تھی ۔ورثا نے متوفیہ کے خاوند مون شہزاد کی قیادت میں شدید احتجاج کرتے کہا کہ نارنگ منڈی رورل ہیلتھ سنٹر کے انچارچ ڈاکٹر طارق سیف اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر عمارہ نے سرکاری ہسپتال کے سامنے سیف گائنی نام پر ایک پرائیویٹ ہسپتال قائم کر رکھا ہے ،سرکاری ہسپتال میں آنے والی حاملہ خواتین کو اس نجی ہسپتال میں بھیجا جاتا ہے جہاں بھاری فیس وصول کی جاتی ہے اور طرفہ تماشا یہ کہ ڈیلوری کے لئے سامان سرکاری ہسپتال سے لایا جاتا ہے اور بھاری فیس سے عوام کو لوٹا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے اعلی حکام کے علم میں ہونے کے باوجود کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ۔ہیلتھ کئیر کمیشن پنجاب بھی بے بس نظر آتا ہے ۔شہری حلقوں اور ورثا نے حکومت اور محکمہ صحت کے اعلی حکام سے سخت نوٹس لینے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ورثا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈاکٹرز کے خلاف مقدمہ درج نہ ہوا تو وہ لاہور میں وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیں گے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں