سیالکوٹ، محکمہ زراعت کی گندم کی کاشت کے لئے سفارشات جاری

منگل 16 اپریل 2024 16:37

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کے لئے کٹائی گہائی کے دوران احتیاطی تدابیرسے متعلق سفارشات جاری کردیں۔ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم کی فصل کی کٹائی،گہائی اور سنبھال کے دوران پیش آنے والے زرعی عوامل خاص طور پر اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کٹائی کے بعد گندم کی پیداوار کا10 فیصد حصّہ مختلف وجوہات کی بنا پرضائع ہو جاتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ کٹائی سے قبل اچھی منصوبہ بندی کی جائے، کاشتکار گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے پیغامات کو توجہ سے سنیں اوراگربارش کاخطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم کی کٹائی کےلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار میں ہونے والے نقصان کو کم کیاجاسکتا ہے،کاشتکار گندم کی فصل کی برداشت نہ وقت سے پہلے نہ تاخیر سے کریں کیونکہ دونوں صورتوں میں پیداوارکا نقصان ہو جاتا ہے، کاشتکار کٹائی گہائی شروع کرنے سے پیشتر مزدوروں،تھریشر،ترپال،پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کاشتکار کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر کریں۔کاشتکار گندم کی کٹائی اس وقت شروع کریں جب دانوں میں نمی کا تناسب10 فیصد رہ جائے، اس کے لئے دانوں کو دانتوں کے تلے چبائیں اور '' کڑک'' کی آواز آنے کی صورت میں کٹائی شروع کریں۔کاشتکار فصل کوجڑی بوٹیوں،کانگیاری اورغیراقسام کے پودوں سے پاک کرلیں اور فصل کی ہر قسم کے لئے علیحدہ کھلیان لگائیں۔

کاشتکارگندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ ایک طرف رکھیں۔کھلواڑے چھوٹے رکھیں اوراونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں،اس کے علاوہ کھلواڑوں کے اردگرد کھائی ضروربنائیں تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی کی جا سکے۔بارشوں کی صورت میں گندم کے کھیت سے پانی کی نکاسی یقینی بنائیں اوراس کے لئے کھیت کے اطراف پانچ فٹ گہرا گڑھا کھود دیں تاکہ اس میں فالتو پانی جمع ہو سکے۔موجودہ بے موسمی بارشوں کی صورتحال کے تناظر کاشتکار گری ہوئی فصل کی کٹائی درانتی سے کریں اور کٹائی کی ہوئی گندم کے سٹوں کا رُخ اوپر رکھیں۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں