سیالکوٹ، سپر نٹنڈنگ انجینئر کی گیپکو سرکل سیالکوٹ آفس میں آن لائن کچہری

بدھ 17 اپریل 2024 17:15

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) سیالکوٹ سپرنٹنڈنگ انجینئر گیپکو سرکل سیالکوٹ عامر محمود نے صارفین کی شکایات کے ازالہ کے لیے آن لائن کچہری لگائی ۔ انہوں نے گیپکو سرکل سیالکوٹ آفس میں فیس بک پر براہ راست صارفین کی شکایات سنیں اور ان کے حل کے لئے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر منیجر سی آر سی اکرام اللہ، پی ایس او تصدق ایوب، ڈپٹی منیجرز ذکا اللہ لغاری و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے صارفین سےکہا کہ وہ بارشوں کے دوران بچوں اور مویشیوں کو بجلی کی تنصیبات اور کھمبوں سے دور رکھیں اورکسی بھی جگہ ٹوٹی ہوئی یا خطر ناک تار دیکھیں تو فور اً ادارے کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گھروں، ٹیوب ویلوں اور کاروباری مراکز پر شمشی توانائی کے پینل لگائیں، یو پی ایس ہرگز استعمال نہ کریں بلکہ اشد ضرورت کے لئے صرف ڈیجیٹل انورٹر استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیپکو سرکل سیالکوٹ انتظامیہ ہمیشہ سے صارف دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے یہی وجہ ہے کہ مشکل حالات کے باوجود شہرمیں تمام گھریلو اور کمرشل صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے لہذا اب عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے بجلی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں، دن کی روشنی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں اور رات6 تا10 بجے کے درمیان بجلی کا استعما ل کم سے کم کریں، غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات بندکریں، عام بلب اورانرجی سیور کی بجائے 0.9 پاور فیکٹر کی ایل ای ڈی لائٹس استعمال کریں، بچوں کو ٹیلی ویژن اور کمپیوٹر کی بجائے فزیکل کھیلوں کی عادت ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور شکایات کے فوری حل کے لیے عمل درآمد کیا جا رہاہے۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں