ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، جاری کام کا جائزہ

منگل 30 اپریل 2024 14:27

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کی تزئین نو کے منصوبے پر 90 فیصد سول ورک مکمل کرلیا گیا ہے، 54 ہزار اسکوائر فٹ پر کام مکمل کر کے ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کردیا گیا ہے اور 30 مئی 2024ء تک منصوبے کو مکمل کرلیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کی ری ویمپنگ کے منصوبے کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔

اسسٹنٹ پرنسپل آفیسر ڈاکٹر شکیل احمد کے علاؤہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ ہسپتال کے بائیو میڈیکل گیس کی سپلائی لائنز کی تنصیب، پیڈز، یورولوجی، آنکھ، کان اور گلہ کی وارڈز میں کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب تک ہسپتال کی ری ویمپنگ کے لئے حکومت پنجاب نے 80 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں جس میں 57 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سوشل ویلفئیر کمپلیکس سیالکوٹ کی ری ڈیزائننگ/ ماڈلنگ کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو بڑھایا جائے اور مقررہ ٹائم لائن کے اندر منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں