سبی، جیل میں قیدیوں کی اصلاح کرکے انہیں پرامن اور کارآمد شہری بنانا اصل فریضہ ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود

منگل 14 مئی 2019 16:40

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2019ء) ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود میر دین محمد مری اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سبی سید رزاق شاہ نے کہا ہے کہ جیل میں مقید قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،جیل میں قیدیوں کی اصلاح کرکے انہیں پرامن اور کارآمد شہری بنانا اصل فریضہ ہے ،عید کے موقع پر سنگت ویلفیئر کی جانب سے قیدیوں میںنئے کپڑوں کی تقسیم صدقہ جاریہ ہے ،دکھی انسانیت کی خدمت ہی انسانیت کی معراج ہوتی ہے، سماجی تنظیمیں اگر حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھائیں تو مسائل میں کمی واقع ہوسکتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل سبی میں سنگت ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے قیدیوں میں عید کے موقع پرنئے کپڑوں کی تقسیم کے موقع پر بات چیت میں کیا ،اس موقع پراسسٹنٹ سپرٹنڈنٹ آف ڈسٹرکٹ جیل محمد اکبر ابڑو،طاہر علی ڈومکی،سنگت ویلفیئر سوسائٹی کے صدر میر حدث خان مری،جنرل سیکرٹری سید غلام مصطفی شاہ بخاری،میر بسمن مری،ثناء اللہ گشکوری،احسان گشکوری و دیگر بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ جیل کو عقوبت خانہ بنانے کی بجائے اسے معاشرتی اصلاح کا گہوارہ بنانا چاہیے اور جیل میں مقید قیدیوں کو جیل مینوئل کے تحت سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے انہوں نے کہاکہ عید کے موقع پر جیل کے قیدیوں کو بھی اپنے خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے سنگت ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے قیدیوں میں نئے کپڑے تقسیم کئے گئے ہیں تاکہ وہ بھی ہم سب کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل ہو کر عید کی خوشیوں کو دو بالا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیمیں اگر حقیقی معنوں میں معاشرئے کے پسے ہوئے طبقے کی بحالی کے اقدامات اٹھائیںتو معاشرتی مسائل میں کافی حد تک کمی واقع ہو گی۔جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود میر دین محمد مری نے اپنی جانب سے جیل کے قیدیوں کے لئے پنکھے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سبی سید رزاق شاہ کے حوالے کئے اور اپنی جانب سے مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے سپرنٹنڈنٹ جیل سید رزاق شاہ نے ڈپٹی دائریکٹر میر دین محمد مری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں