وزیر اعظم عمران خان کل جنوبی وزیرستان کا ایک روزہ دورہ کر ینگے

کیڈ ٹ کالج سپین کائی میں محسود قبائل کے عمائدین کے جرگہ سے خطاب کرینگے

منگل 23 اپریل 2019 21:17

وزیر اعظم عمران خان کل جنوبی وزیرستان کا ایک روزہ دورہ کر ینگے
جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) وزیر اعظم عمران خان کل بروز بدھ 24اپریل کو کیڈ ٹ کالج سپین کائی جنوبی وزیرستان کا ایک روزہ دورہ کر کے محسود قبائل کے عمائدین کے جرگہ سے خطاب کریں گے۔محسود قبائل کے جرگہ سے خطاب کے بعد وزیراعظم عمران خان وانا جاکر احمد زئی وزیر قبائل کے جرگہ سے خطاب کریں گے۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے دورے کے شیڈول میں صرف وانا شامل تھا ۔

جس پر محسود قبائل کے عمائدین نے احتجاج کرتے ہوئے وانا جلسہ میں جانے سے انکار کردیا ۔تاہم پاک فوج اور سول اعلی حکام اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی کوششوں سے محسود قبائل کے عمائدین کے لئے کیڈٹ کالج سپین کائی شیڈول میں شامل کیا گیا ۔اب وزیراعظم پاکستان عمران خان کل پہلے کیڈٹ کالج سپین کائی میں محسود قبائل کے عمائدین کے جرگہ سے خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وانا میں احمد زئی وزیر قبائل کے جرگہ سے بھی خطاب کریں گے۔محسود قبائل کے عمائدین نے کیڈٹ کالج سپین کائی کو وزیراعظم عمران خان کے شیڈول میں شامل کرنے پر وزیراعظم پاکستان ،پاک فوج اور سول اعلی حکام کے علاوہ وفاقی وزیر علی آمین گندہ پور کا شکریہ ادا کیا ۔محسود قبائل کے عمائدین کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان کا محسود ایریا دو سب ڈویژن پر مشتمل ہے ۔

اپریشن راہ نجات کے دوران یہاں کے مکانات اور تجارتی مراکز مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔اور محسود قبائل کا کھربوں کا نقصان ہوا ہے ۔پوری فاٹا میں محسود قبائل کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔اس لئے محسود قبائل ہی بہت زیادہ توجہ کے مستحق ہیں۔تاکہ ان کو اپنے پاؤں پر کھڑے کئے جاسکیں۔اس لئے محسود قبائل کے علاقہ کا دورہ ضروری تھا ۔ انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے بھی دو مرتبہ محسود قبائل کے علاقہ لدھا کا دو مرتبہ دورہ کیا تھا ۔

اور سابقہ و موجودہ آ رمی چیف نے بھی مکین اور سپین رغزائی کے دورے کئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ محسود قبائل کے زخموں پر مرہم پٹی کی اشد ضرورت ہے ۔اور ان کے تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ جلد از جلد دینے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں