وفاقی وزیرداخلہ کی جنوبی وزیرستان سکاوٹس کیمپ وانا آمد

جرگے میں موجود عمائدین نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا،روائتی پگڑی پیش کی قبائلی عمائدین ایک بہادر اور غیورقوم کے لیڈران ہیں ، آپ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں،پوری قوم کو آپ پر فخر ہے فاٹا کو خیبر پختونخواہ کے ساتھ ضم کرنے کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے،پسماندہ علاقوں کو زیادہ وسائل فراہم کرینگے،شیخ رشید احمد

جمعہ 4 جون 2021 23:54

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی جنوبی وزیرستان سکاوٹس کیمپ وانا آمد،جنوبی وزیرستان کے قبائلی عمائدین کے جرگے میں شرکت کی ،آئی جی ایف سی کے پی میجر جنرل محمد عمر بشیر بھی ساتھ تھے ، جرگے میں موجود عمائدین نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔روائتی پگڑی پیش کی۔عمائدین نے اپنے خطاب میں افواج پاکستان کو قیام امن اور علاقائی ترقی کے حوالے سے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

عمائدین نے وزیر داخلہ کو علاقائی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ان کے حل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاک افواج نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے قبائلی عوام کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ افواج پاکستان سے ملکر علاقے میں پائیدار امن اور ترقی میں کردار ادا کرنے پر عمائدین کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ آپ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں،پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ آپ ایک بہادر اور غیور قوم کے لیڈران ہیں۔پاکستان دشمنوں کو مٹانے میں آپ کا کردار قابل فخر ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا،جرگے کی روایت کا حامی ہوں،اس علاقے کو اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے۔ جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔اسے علاقے میں مروج ہونا چاہئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے،علاقے کو مزید ترقی دینے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا فاٹا کو خیبر پختونخواہ کے ساتھ ضم کرنے کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے،پسماندہ علاقوں کو زیادہ وسائل فراہم کرینگی

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں