جنوبی وزیرستان وانا میں یوم استحصال 5 اگست کو جوش وخروش سے منایا

دنیا کا جو یقین اقوام متحدہ پر باقی ہے ،اسے چاہئے وہ اسے برقرار رکھے ،کشمیریوں کو ان کا حق دلوا ئے‘قبائلی رہنماء

جمعہ 5 اگست 2022 17:36

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2022ء) جنوبی وزیرستان وانا میں یوم استحصال 5 اگست کو جوش وخروش سے منایا، ضلعی انتظامیہ افسران کے ہمراہ قبائلی عمائدین، علمائے کرام اور سیاسی رہنماؤں نے ریلی نکالی۔وانا: ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان امجد معراج کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر وانا بشیر خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وانا ڈاکٹر صادق علی کی نگرانی میں 05 اگست یوم استحصال کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے تمام سٹاف ،تحصیلداران ،ٹی ایم اے سٹاف، قبائلی مشران اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ علماء نے شرکت کی۔اس موقع پر قبائلی عمائدین نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مقیم کشمیری اور پاکستانی پانچ اگست پر ہندوستان کی جانب سے ہونے والے ظالمانہ اقدام کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

(جاری ہے)

ہندوستان نے دنیا کے تمام قوانین کوماننے سے انکار کر دیا اور نو لاکھ درندہ فوج کو مقبوضہ کشمیر پر ظلم وستم کے لیے چھوڑ دیاہے، جو کہ نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ عالمی برادری اس کا نوٹس لیں۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، ہندوستان کے مظالم کے باوجود کشمیری بھرپور احتجاج کر رہے ہیں .پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل پیرا ہے۔ لیکن ہندوستان کی ہند توا سوچ ان سے انحراف کر رہی ہے۔ ہم پاکستانی اور کشمیری یہ یقین رکھتے ہیں کہ کشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے ،کشمیر کے تمام جغرافیائی راستے پاکستان سے ملتے ہیں۔ہم اقوام متحدہ کو یاد دلاتے ہیں کہ دنیا کا جو یقین آپ پر باقی ہے اسے برقرار رکھے اور کشمیریوں کو انکا حق دلوا ئے،تاہم ریلی میں شریک قبائلی عمائدین کا ایک ہی نعرہ، کہ ’’ کشمیر بنے گا پاکستان‘‘-

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں