عمران خان نے 3 بار صدر پاکستان بنانے کی پیشکش کی تھی، اسد قیصر کا دعویٰ

پروٹوکول کی وجہ سے صدر پاکستان کا عہدہ نہیں لیا، علاقے کی تعمیرو ترقی کے لیے اسپیکر شپ کا عہدہ لیا، پی ٹی آئی رہنما کا خطاب

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 24 جنوری 2024 23:05

عمران خان نے 3 بار صدر پاکستان بنانے کی پیشکش کی تھی، اسد قیصر کا دعویٰ
صوابی (اردوپوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 24 جنوری 2024) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان نے 3 بار صدر پاکستان بنانے کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا پروٹوکول کی وجہ سے صدر پاکستان کا عہدہ نہیں لیا، علاقے کی تعمیرو ترقی کے لیے اسپیکر شپ کا عہدہ لیا۔ اسد قیصر نے مزید کہا کہ 40سال افغانستان میں جنگ ہوئی جس کی وجہ سے ہمارا ملک تباہ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی سلیکشن ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کو ملک بھر میں باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا۔ ایکس پر ترجمان پی ٹی آئی کے جاری بیان کے مطابق انتخابات سے قبل کھلے عام عوام میں جانے اور باہر نکل کر انتخابی مہم چلانے کے معاملے پر ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم اور امیدواران اتوار کو ملک بھر خصوصاً پنجاب میں اپنی باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف کی قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار اپنی پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے، قوم اڈیالہ جیل میں بےگناہ قید اپنے لیڈر اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

قومی انتخابات پر جبروفسطائیت اور بدترین دھاندلی کے گہرے بادلوں کے باوجود تحریک انصاف جمہوری انداز میں ملک کو دستورو قانون کیطرف لے جانے کی کوششیں کررہی ہے، عوام کے حقِ رائے دہی پر ڈاکے کی تمام تر کوششیں عوام کی تائید و معاونت سے ہی کامیاب بنائیں گے، پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا حق ہمیں دستور دیتا ہے، ریاستی مشینری آئین کا احترام کرے جبکہ عدالتِ عظمیٰ دستور کی بالادستی کو یقینی بنائے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ خوف اور غلامی کے بت توڑ کر نکل رہے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کو حقیقی آزادی دلوائیں گے۔دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مال روڈ پر پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے 7 رہنما ﺅں کو اشتہاری قرار دیدیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں