چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی ایک روزہ مختصر دورے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ٹنڈوالہیارآمد

ہفتہ 24 فروری 2024 22:53

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2024ء) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی،سینئر جج سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی، جسٹس محمد جنیدغفار، جسٹس امجد علی سہتو، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس ارباب علی ہکڑو اور دیگر ججز ڈسٹرکٹ بار ٹنڈوالہیارکی دعوت پر ایک روزہ مختصر دورے پرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ٹنڈوالہیار پہنچے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹنڈوالہیار انعام علی کلہوڑو، سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج آصف میمن، فرسٹ سینئر سول جج سلیم کیریو، سیکنڈ سینئر سول جج خوشی محمد، سول جج نمبر ون کوثر گبول ، سول جج نمبر ٹو ماہ رخ رشید نظامانی، سول جج نمبر تھری لالا اسد،سول جج فور روحہ خاصخیلی سول جج وکنزیومر پروٹیکشن جج صبا مریم ، سول جج نمبر ون چمبڑ نواب خاصخیلی، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار الطاف گوہر میمن، ایس ایس پی ٹنڈوالہیارسید سلیم شاہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ٹنڈوالہیاراغیث السلام، وکلا برادری اوردیگر ضلعی افسران نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

محکمہ پولیس ٹنڈوالہیار کے جوانوں کی جانب سے انہیں سلامی بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹنڈوالہیار انعام علی کلہوڑو نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور دیگر معزز ججز کو سیشن کورٹ ٹنڈوالہیار آمد پرسندھ کا روایتی تحفہ ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ بعد ازاں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جناب جسٹس عقیل احمد عباسی اور ان کے ساتھ آئے ہوئے دیگر ججز نے ڈسٹرکٹ بار ٹنڈوالہیار کا دورہ کیا اور وہاں موجود وکلا برادری سے ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ٹنڈوالہیار کے صدراغیث السلام نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے ڈسٹرکٹ بار کیلئے ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کو عمل میں لائے جانے کیلئے درخواست کی جبکہ وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر بار کے وکلاء سے مختصر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے تمام وکلاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہاں آکر مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور جب بھی آپ کو کسی بھی قسم کے مسائل یا مشکلات کا سامنا ہو تو آپ مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں اور میری پوری کوشش ہوگی کہ جلد از جلد آپ کے مسائل حل کر سکوں۔

انہوں نے صدر ڈسٹرکٹ بار ٹنڈوالہیار کو کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری کے قیام اور ڈسٹرکٹ بار ٹنڈوالہیار کے لئے فنڈز کی فراہمی کو جلد یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی اور دیگر ججز نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ٹنڈوالہیار کے احاطے میں پودے بھی لگائے۔#

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں