قیمتی پتھر نکال کر کارونجھر کے قدرتی حسن کو تباہ کیا جارہا ہے، کارونجھر کے پہاڑی سلسلے کو بچانے کیلئے سوشل میڈیا پر مہم شروع

ٹوئٹر پر 19 ہزار سے زائد ٹوئٹس کیے گئے جس کے بعد پاکستان میں #SaveKaroonjhar ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

اتوار 19 جون 2022 21:30

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2022ء) ضلع تھرپارکر میں واقع کارونجھر کے پہاڑی سلسلے کو بچانے کیلئے سوشل میڈیا پر مہم شروع کردی گئی ہے۔کارونجھر کی اہمیت اور اسے بچانے کیلئے آگاہی پیدا کرنے کیلئے ٹوئٹر پر 19 ہزار سے زائد ٹوئٹس کیے گئے جس کے بعد پاکستان میں #SaveKaroonjhar ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔کارونجھر سندھ کے ضلع تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر میں ایک خوبصورت سیاحتی مقام ہے۔

(جاری ہے)

تقریبا 26 کلومیٹر پر پھیلا ہوا یہ پہاڑی سلسلہ ایک ہزار میٹر کی بلندی رکھتا ہے۔ اس پہاڑ میں گرینائٹ، چینی مٹی اور مختلف رنگوں اور ساخت کے قیمتی پتھروں کے بڑے ذخائر ہیں۔کارونجھرسے قیمتی پتھر نکالنے کیلئے اس خوبصورت علاقے کو تباہ کیا جارہا ہے جس پروہاں کے مقامی لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔کارونجھر کی معاشی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا کہ مقامی لوگوں میں ایک کہاوت مشہور ہے کہ کارونجھر روزانہ سو کلو سونا پیدا کرتا ہے۔کارونجھر صرف پہاڑ نہیں بلکہ خود میں ایک پوری تاریخ سمائے ہوئے ہے۔ اس میں ہزار سال پرانی تہذیب، تاریخ اور ثقافت کے آثار موجود ہیں۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں