چین نے تربت میں تعلیم و صحت کے تین منصوبوں کے لیے فنڈز مہیا کردیئے

دو منصوبوں کی مالیت 50،50 لاکھ روپے ، تیسرے منصوبے کی 40 لاکھ روپے ہے

اتوار 4 فروری 2024 14:10

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2024ء) چینی حکومت کی مالی اعانت سے تربت میں تعلیم و صحت کے شعبے میں تین اہم منصوبوں کی نقاب کشائی کر دی گئی ، دو منصوبوں کی مالیت 50،50 لاکھ روپے جبکہ تیسرے منصوبے کی مالیت 40 لاکھ روپے ہے ۔ گوادر پرو کے مطابق چینی حکومت کی مالی اعانت سے مکران کے تاریخی صدرمقام اور بلوچستان کے دوسرے سب سے بڑے شہر تربت میں تعلیم و صحت کے شعبے میں تین اہم منصوبوں کی نقاب کشائی کی گئی۔

گوادر پرو کے مطابق کمشنر مکران سعید احمد عمرانی نے حکومت بلوچستان کے تحت تین منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ پہلے منصوبے کی مالیت 50 لاکھ روپے ہے جس میں تربت میں گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول کو سولر پینل اور کمپیوٹر سسٹم کی فراہمی شامل ہے۔

(جاری ہے)

تربت یونیورسٹی میں سولر پینل سے لیس ایک لائبریری اور ایک کمپیوٹر لیب بھی قائم کی گئی، اس کے علاوہ اسکول بسوں اور گاڑیوں کے لئے پارکنگ شیڈ ز کی تعمیر بھی شامل ہے ۔

گوادر پرو کے مطابق اس موقع پر تربت میں گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول کی پرنسپل زمرد واحد، ڈائریکٹر آف ایجوکیشن عبدالغفور دشتی اور عملے کے مختلف ارکان نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تربت کے عوام تعلیم کے شعبے میں تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ گوادر پرو کے مطابق دوسرے منصوبے میں کمشنر مکران سعید احمد عمرانی نے یونیورسٹی آف تربت کی لا فیکلٹی کا دورہ کیا اور قانون کے طالب علموں کے لئے ایک نئے سولر سسٹم اور کمپیوٹر لیب کی نقاب کشائی کی جس کی فنڈنگ چینی حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ سے کی گئی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق تیسرے منصوبے میں تربت کے سول اسپتال کے آئی سی یو پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ 40 لاکھ روپے کی گرانٹ سے آئی سی یو کو ڈیجیٹل بیڈز اور ضروری طبی سہولیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

تربت میں شائع ہونے والی مزید خبریں