جاپان اور امریکہ دیوالیہ ہوئے اس سے فرق نہیں پڑتا،آصف زرداری

عمران خان ملک کو دلدل میں پھنسا کر چلا گیا،مشکلات ہیں لیکن سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا،سابق صدر کا ورکرز کنونشن سے خطاب

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 7 مارچ 2023 15:48

جاپان اور امریکہ دیوالیہ ہوئے اس سے فرق نہیں پڑتا،آصف زرداری
وہاڑی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 07 مارچ 2023ء) سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کو دلدل میں پھنسا کر چلا گیا،اس کی آج بھی یہی سوچ ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کھیل رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے وہاڑی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی ہیں،جاپان اور امریکہ دیوالیہ ہوئے،اس سے فرق نہیں پڑتا،عمران خان نے ایسی مشکلات پیدا کیں کہ مشکل سے پار لگیں گے لیکن سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

ہم نے پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے،ایسے بیوقوف کو وزیراعظم بنا دیا جس کو عقل ہی نہیں،ہمارا مقصد ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے اور پاکستان بڑی طاقت بن کر رہے گا،عوام چاہتے ہیں میں یہاں سے الیکشن لڑوں جس کیلئے پارٹی سے بات کروں گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ملک دیوالیہ ہونے سے کبھی ختم نہیں ہوتے، یہ ملک ہے کوئی پرائیویٹ کمپنی نہیں ، جاپان 10 بار دیوالیہ ہوا لیکن پھر کم بیک کیا۔

وہاڑی کا پہلا دورہ ہے سیاسی تعلقات میں اضافہ کررہے ہیں،پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ ہے لیکن پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم کا حصہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اپنا مؤقف اور ہمارا اپنا مؤقف ہے۔ عمران خان کو کسی معاملے میں گرفتار کرنا وزیرداخلہ کا اختیار ہے،یوٹرن لینا عمران خان کی خصلت میں شامل ہے، سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے بات چیت ہوسکتی ہے۔

عمران خان غیرسیاسی شخص ہے اس سے بات نہیں کرسکتے،سیاست میں جفاکشی کرنی پڑتی ہے،عمران اس کا عادی نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ بلاول نوجوان ہے اس کو غصہ جلدی آجاتا ہے،ہم غصہ پینے کے عادی ہیں،ہمیں حالات کا پتا تھا معیشت کیسی ہے لیکن ملک کو بچانا تھا،عمران خان ملک کے تمام ادارے فروخت کرنا چاہتا تھا،اقتدار میں آکر ملک کو بچا لیا۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں