وزیر آباد فائرنگ کیس ،شریک ملزم کی ضمانت منظور

6 ماہ کی تفتیش میں پراسیکیوشن ایک بھی ٹھوس شہادت اکٹھی نہیں کرسکی، وکیل

بدھ 19 جولائی 2023 20:30

وزیر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2023ء) وزیر آباد فائرنگ کیس میں شریک ملزم طیب جہانگیر بٹ کی ضمانت منظور کرلی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہرام سرور پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے وزیر آباد فائرنگ کیس میں شریک ملزم طیب جہانگیر بٹ کیدرخواست ضمانت پر سماعت کی۔شریک ملزم طیب جہانگیر کی طرف سے میاں داد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے طیب جہانگیر کو 4 نومبر2021 سے گرفتار کر رکھا ہے، جے آئی ٹی نے طیب جہانگیر کی 10 جنوری کو گرفتاری ظاہر کی، جے آئی ٹی سربراہ نے طیب جہانگیر پر تشدد کرکے مرضی کے بیانات لئے۔وکیل میاں داد نے کہا کہ 6 ماہ کی تفتیش میں پراسیکیوشن ایک بھی ٹھوس شہادت اکٹھی نہیں کرسکی، اور استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ شریک ملزم طیب جہانگیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔

دوران سماعت پراسیکیوشن کی طرف سے مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ طیب جہانگیر کو شریک ملزم وقاص کے بیان پر نامزد کیا گیا۔وکیل میاں داد نے کہا کہ طیب بٹ کی وقوعہ میں شمولیت یا سازش کی کوئی شہادت موجود نہیں۔عدالت نے 5 لاکھ کے مچلکوں کے عوض ملزم طیب جہانگیر کی ضمانت منظور کرلی۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں