پی سی بی کی پی ایس ایل کو کرپشن فری بنانے کیلئے کوشاں، بین الاقوامی ویب سائٹ کی خدمات حاصل

لیگ میچز کے دوران شرطیں لگانے کی کسی بھی قسم کی غیرمعمولی کوشش کی نگرانی ہوگی، ویب سائٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری طور پر چوکنا کر دے گی،موبائل فونز کے ذریعے مشکوک افراد سے رابطے کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انھیں گراونڈز سے باہر نکالنے کے بھی اقدامات

جمعہ 23 فروری 2018 14:42

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل تھری کے دوران کرپشن کی روک تھام کیلئے ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کی خدمات حاصل کر لیں جس سے سٹے بازوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔پی سی بی نے پی ایس ایل تھری کے دوران کرپشن کی روک تھام کیلیے ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کی خدمات حاصل کی ہیں، برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لیگ میچز کے دوران شرطیں لگانے کی کسی بھی قسم کی غیرمعمولی کوشش کی نگرانی ہوگی، اگر کوئی غیرمعمولی شرط لگتی ہے تو اس صورت میں یہ ویب سائٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری طور پر چوکنا کر دے گی۔

اے سی یو نے اس مرتبہ گراونڈز میں بھی موبائل فونز کے ذریعے مشکوک افراد سے رابطے کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انھیں گراونڈز سے باہر نکالنے کے اقدامات بھی کیے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے گذشتہ سال منظرعام پر آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اس مرتبہ اپنے انتظامات کو مزید موثر بنایا ہے اور اس حوالے سے کھلاڑیوں پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے، اس بار پانچ ٹیموں کے ساتھ حسب معمول ایک ایک سکیورٹی افسر بھی تعینات ہے البتہ لاہور قلندرز کی ٹیم چونکہ دیگر ٹیموں کے ساتھ نہیں ٹھہری لہذا اس کے ساتھ دو سیکیورٹی افسران کو تعینات کیا گیا ہے، تمام ٹیموں اور ان کے آفیشلز کو تفصیلی بریفنگ دی جاچکی ہے۔

اس کے علاوہ میچ آفیشلز کو بھی بریفنگ دی گئی ہے، تمام فرنچائز مالکان سے کہہ رکھا ہے کہ وہ ٹیم ہوٹل میں اس فلور پر کمرے نہیں لے سکتے جس پر ٹیمیں ٹھہری ہیں،کھلاڑیوں کو بھی اپنے مہمانوں کو کمروں میں بلانے کی اجازت نہیں البتہ وہ اپنے مہمانوں اور دوستوں سے ہوٹل کی لابی میں ملاقات کر سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 23/02/2018 - 14:42:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :