جویریہ خان کی ریکارڈ ساز نصف سنچری، پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا، جویریہ خان 52 اور بسمعہ معروف 42 رنز بنا کر نمایاں، سنجی وانی کی ففٹی رائیگاں

بدھ 28 مارچ 2018 15:18

کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) جویریہ خان کی ریکارڈ ساز نصف سنچری کی بدولت پاکستان ویمن نے سری لنکا ویمن کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم نے 130 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 9 وکٹوں پر حاصل کیا، اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے، جویریہ خان نے 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، بسمعہ معروف 42 رنز بنا کر دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں، سنجی وانی کی ففٹی رائیگاں گئی۔

بدھ کو کولمبو میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکا ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے، سنجی وانی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 61 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں، نیلاکشی ڈی سلوا 35 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں، دیانا بیگ اور ثناء میر نے 2، 2 اور ندا ڈار نے ایک وکٹ لی، جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 19 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بسمعہ معروف اور جویریہ خان نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 79 تک پہنچا دیا، یہاں پر بسمعہ 42 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہو گئیں، ندا ڈار ایک رن بنا سکیں، 96 کے سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب کائنات امتیاز 5 رنز بنا کر چلتی بنیں، جویریہ خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی اور 52 رنز بنانے کے بعد کماری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں، جویریہ نے 33 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے تیز ترین نصف سنچری بنا کر نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے، ثناء میر 9 رنز بنا سکیں، فریحہ محمود 2 اور ناشرہ سندھو ایک رن بنا کر رن آئوٹ ہوئیں، غلام فاطمہ نے 6 اور دیانا نے 2 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔

(جاری ہے)

سوگن دیکا کماری نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 28/03/2018 - 15:18:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :