ویسٹ انڈیز کی ٹیم مضبوط ہے، ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ہی فتح حاصل کر سکتی ہے

آئندہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے کپتان کا فیصلہ پی سی بی کرے گا، 9 سال بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آنا خوش آئند ہے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی پریس کانفرنس

ہفتہ 31 مارچ 2018 21:53

ویسٹ انڈیز کی ٹیم مضبوط ہے، ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ہی فتح حاصل کر سکتی ہے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مضبوط ٹیم ہے، ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ہی فتح حاصل کر سکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز سے قبل ہفتہ کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم میں بہترین بالرز موجود ہیں، امید ہے کہ حسن علی اور دیگر بالرز بہترین بالنگ کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہئے اور ٹی ٹوئنٹی کی سیریز اچھی سیریز ثابت ہو گی، بظاہر ویسٹ انڈیز کی ٹیم اتنی مضبوط نظر نہیں آرہی لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی پر ہی انہیں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ٹیم میں شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ 9 سال بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آ رہی ہے، کراچی میں سیریز کے انعقاد پر پی سی بی، سندھ حکومت اور سیکورٹی اداروں کو کریڈٹ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر گذشتہ کئی میچوں میں اچھی بالنگ کا مظاہرہ کر چکے ہیں جبکہ حسن علی اور محمد عامر ہماری ٹیم کے اہم ترین بالرز ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ہی قومی ٹیم میں کھیلنے کا موقع دیا جا رہا ہے، آصف علی اور حسین طلعت کو پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی پر قومی ٹیم میں سلیکٹ کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں موقع کی مناسبت سے کھیلوں، کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور امید ہے کہ شائقین کرکٹ بھی ہمیں سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ کراچی میں کرکٹ واپس آئے اور مستقبل میں مزید غیر ملکی ٹیمیں یہاں آکر میچ کھیلیں۔ 2019ء میں ہونے والے ورلڈ کپ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا کپتان کون ہو گا، اس کا فیصلہ پی سی بی کرے گا۔
وقت اشاعت : 31/03/2018 - 21:53:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :