پہلا ٹی ٹونٹی ،شاداب خان کی جادوگری کے سامنے سکاٹش بچوں کی ایک نہ چلی

گرین شرٹس نے عالمی رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن محفوظ کرلی

muhammad ali محمد علی منگل 12 جون 2018 23:02

پہلا ٹی ٹونٹی ،شاداب خان کی جادوگری کے سامنے سکاٹش بچوں کی ایک نہ چلی
ایڈنبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون2018ء) 2 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سابق ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن پاکستان نے میزبان سکاٹ لینڈ کو 48رنز سے شکست دے کر سیریز میں1-0کی برتری حاصل کرلی ہے۔205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹش اوپنرز کائل کوئٹزر اور مینسی نے ٹیم کو 53رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حسن علی نے مینسی کو پوویلین چلتا کیا، شاداب خان نے اپنے سپیل کی پہلی ہی بال پر بیرنگٹن کی وکٹ حاصل کی جب کہ کپتان کائل کوئٹزر 31رنز سکور کرنے کے بعد محمدنواز کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ،شاداب نے میکلوڈ کو ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی ،اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ڈیلان بج 24رنز سکور کرکے محمد عامر کا پہلا شکا ر بن گئے ، میتھیو کراس 13رنز سکور کرنے کے بعد حسن علی کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ،سکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوور ز میں156رنز ہی بنا سکی ، پاکستان کے لیے حسن علی اور شاداب خان نے دو ، دو جبکہ محمد عامر اور نواز نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 33رنز پر گری جب احمد شہزاد 14 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 46 کے مجموعی سکور پر ہوا جب فخر زمان بھی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔کپتان سرفراز احمد نے حسین طلعت کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے 41رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد آل راﺅنڈر 18رنز بنا بیرنگٹن کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ،قومی ٹیم کے سینئر ترین بلے باز شعیب ملک نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 96رنز کا اضافہ کیا اور دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،شعیب ملک 53رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے اور کپتان سرفراز احمد نے 89رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر گرین شرٹس کا سکور 204رنز تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا ۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سکاٹ لینڈ کو کمزور حریف تصور نہیں کریں گے، گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف سکاٹش ٹیم نے کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی آسان فارمیٹ نہیں، ہم دیکھ چکے ہیں کہ افغانستان نے بنگلادیش کو 0-3 سے شکست دی، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نمبر ون پوزیشن پر ہیں یا نمبر 8 پر، آپ کو محدود اوور کے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوتی ہے۔

سکاٹ لینڈ گزشتہ روز ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا چکا ہے جبکہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی نمبر ون ٹیم ہے۔پاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں فخرز مان، احمد شہزاد، حسین طلعت، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر اور حسن علی پر مشتمل ہے۔سکاٹ لینڈ کی ٹیم کی قیادت کائیل کوئٹزر کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں میٹ کروس(وکٹ کیپر)، رچی بیرنگٹن، جارج منسی، مارک واٹ، میتھیو کراس، ڈیلان بج، مائیکل لیسک، کالم مکلاوڈ، الیسڈیئر ایوانز، سفیان شریف، حمزہ طاہر شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 12/06/2018 - 23:02:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :