پہلا ٹی ٹونٹی ،زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا

سیریز کا فائنل 8جولائی کو کھیلا جائے گا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 1 جولائی 2018 12:43

پہلا ٹی ٹونٹی ،زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جولائی 2018 ء) سہ ملکی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور احمد شہزاد کی جگہ محمد حفیظ فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کریں گے ۔ پاکستان ٹی ٹونٹی رینکنگ کی سب سے بہترین ٹیم ہے جبکہ زمبابوے عالمی درجہ بندی میں 12 ویں نمبر پر ہے۔

سیریز میں شامل تیسری ٹیم آسٹریلیا بھی تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔سہ فریقی سیریز میں تینوں ٹیمیں چار چار میچز کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ہرارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ سیریز میں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں کیوں کہ ٹی ٹونٹی میں کسی ٹیم کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا امتزاج ہے جس کی کارکردگی حالیہ چند سیریز میں بہترین رہی ہے۔سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ وہ فی الحال رینکنگ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، ان کا مقصد مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے سیریز جیتنا ہے۔میزبان ٹیم اس وقت مالی بحران کی زد میں ہے، تنخواہوں اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کئی ٹاپ پلیئرز بائیکاٹ کرچکے ہیں، سابق کپتان گریم کریمر ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، سکندر رصا قومی ٹیم کی نمائندگی کے بجائے کینیڈا میں ٹونٹی 20 لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔

سابق کپتان برینڈن ٹیلر، سین ولیمز اور کریگ ایروائن میدان میں اترنے سے انکار کرچکے ہیں۔ٹیم کی قیادت ہیملٹن مساکیڈزا کے سپرد ہوگی جن کو ٹوٹے پھوٹے لشکر کے ساتھ مختصر ترین فارمیٹ کی دو ٹاپ ٹیموں کے ساتھ جنگ کا چیلنج درپیش ہے۔ ٹیم کے کوچ بھارت کے سابق کرکٹر لال چند راجپوت ہیں جوکہ اس سے قبل افغانستان اور چند ڈومیسٹک ٹیموں کی کوچنگ کرچکے ہیں۔

پہلے میچ میں ان کا مقابلہ ایک ایسی ٹیم سے ہونے والا ہے جوکہ اپنے آخری 22 میں سے 19 ٹی ٹونٹی میچز جیت چکی ہے۔ گرین شرٹس بحرانوں سے دوچار میزبان سائیڈ کے ساتھ کوئی بھی رعایت برتنے کو تیار نہیں ہیں، ٹاپ پر موجود ٹی 20 کی سپیشلسٹ فخر زمان اپنی صلاحیتوں کا جادوجگانے کو تیار ہیں جبکہ شعیب ملک ایک بار پھر مڈل آرڈر میں توجہ کا مرکز ہوں گے، ان کی گزشتہ 24 ٹی 20 اننگز میں ایوریج 66.72 رہی ہے، اس میں سے 13 اننگز میں وہ ناقابل شکست رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 01/07/2018 - 12:43:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :